سندھ

صدر پارکنگ پلازہ میں حساس ادارے کی گاڑی پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید

واقعہ صدر پارکنگ پلازہ کے قریب پیش آیا۔ فائرنگ نامعلوم افراد کی جانب سے حساس ادارے کی گاڑی پر کی گئی۔ گاڑی معمول کے گشت پر تھی اور اس کا رجسٹریشن نمبر 0731821 ہے۔ فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر دیوار سے ٹکرا گئی۔

واقعہ کے بعد ریسکیو حکام موقع پر پہنچ گئے اور زخمی ہونے والے اہلکاروں عبدالرزاق اور خادم حسین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گئے۔

ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق دونوں اہلکاروں کو سر میں گولی ماری گئی۔

شہید ہونے والے اہلکار لانس نائیک رزاق کا تعلق نوشہرو فیروز اور خادم حسین کا تعلق دادو سے ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ آس پاس کوئی موجود نہیں۔ دہشت گردانہ کارروائی کرنے کے بعد حملہ آور باآسانی فرار ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے

واقعہ کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا اور ٹریفک کو دوسری طرف موڑ کر علاقہ کو بند کردیا گیا۔ واقعہ کے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں جبکہ جائے وقوع پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔

دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی نشانہ بننے والے دونوں اہلکار سیکیورٹی ادارے کے تھے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی مزید تفتیش کی جارہی ہے اور شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔

انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے مطابق واردات میں ممکنہ طور پر نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close