Featuredسندھ

لیاری میں بلاول بھٹو کی ریلی پر پتھراؤ، ایک شخص زخمی

کراچی: لیاری میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی ریلی پر علاقہ مکینوں کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا اور ان کے قافلے میں موجود گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے حلقہ انتخاب این اے 246 لیاری پہنچے اور ریلی کی صورت میں انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ تاہم جیسے ہی بلاول بھٹو کی ریلی لیاری کے علاقے بہار کالونی پہنچی تو علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور چیئرمین پیپلز پارٹی کے قافلے کو روک لیا۔

مظاہرین نے پیپلز پارٹی کے خلاف نعرے بازی کی اور بلاول بھٹو کے قافلے میں موجود گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور ڈنڈے بھی برسائے، جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کا ایک کارکن زخمی بھی ہوا۔ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد خالی مٹکے اٹھا کر گھروں کی چھتوں پر چڑھ گئے جس کے باعث بلاول بھٹو کے قافلے کی پیش قدمی رک گئی تاہم اس سارے معاملے میں پولیس مظاہرین کے سامنے بے بس نظر آئی۔

پی پی رہنما سینیٹر یوسف بلوچ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ پیپلز پارٹی کے لوگ نہیں بلکہ چند شرپسند عناصر ہیں، ان لوگوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کے مخالفین کا ساتھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیاری میں پیپلز پارٹی کے جانثار بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں لیکن ہمارے پارٹی چیئرمین نہیں چاہتے کہ صبر کا دامن ہاتھ سے چھوڑیں کیونکہ لیاری تو ہمارا ہی علاقہ ہے۔ یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر انتخاب لڑیں گے جس میں آبائی حلقہ لاڑکانہ سمیت لیاری اور مالاکنڈ کا حلقہ شامل ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close