سندھ

ایم کیو ایم ہماری اتحادی ہے، شہر کے مفاد میں ایم کیو ایم کے ساتھ چلنا ہے، فردوس شمیم نقوی

کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے امیدوار فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ عمران خان کی ہر تقریر میں قائداعظمؒ کا ذکر ضرور ہوتا ہے اور وہ ان کے اصولوں پر سختی سے عمل بھی کر رہے ہیں، فاتحہ خوانی کے لئے کسی کی قبر پر حاضر ہونا لازم نہیں۔ سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو چاروں صوبوں میں موجود ہے، ہمارے نئے پاکستان میں نیا کراچی بھی شامل ہے، وزیراعظم بھی کراچی کو سب سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں، ہمیں اس شہر کی رونقیں مکمل بحال کرنی ہیں، ملک کی ترقی کے لئے کراچی کو ترقی دینا لازم ہے، شہر قائد کا منفرد مقام کوئی تبدیل نہیں کر سکتا، صدر مملکت، وزیر خزانہ سمیت متعدد وزراء کے علاوہ گورنر سندھ کا تعلق بھی کراچی سے ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ عمران خان نے اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کا اختیار پارلیمانی کمیٹی کو دیا تھا، مجھے اتفاق رائے سے اپوزیشن لیڈر تسلیم کرلیا گیا ہے، حلیم عادل شیخ اور میں اپوزیشن لیڈر کے امیدوار تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہماری اتحادی ہے، شہر کے بہترین مفاد میں ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ چلنا ہے، عمران خان ہر تقریر میں قائداعظم کا تذکرہ کرتے ہیں اور وہ ان کے نظریئے پر عمل بھی کرتے ہیں، مزار قائد پر حاضری دینا ضروری نہیں کیوں کہ فاتحہ خوانی کہیں بھی کی جاسکتی ہے۔

ایک سوال پر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور میں ایک ہی تعلیمی ادارے میں تھے، مراد علی شاہ کو احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں، تحریک انصاف تنقید برائے تنقید کی سیاست نہیں کرے گی، ہمیں امید ہے کہ وزیراعلیٰ صوبے کی بہتری کے لئے کام کریں گے لیکن کسی بھی غلط کام میں سندھ حکومت کا ساتھ نہیں دیا جائے گا، ہم اختیارات کے معاملے پر بلدیاتی نمائندوں اور میئر کراچی وسیم اختر کے ساتھ کھڑے تھے، اسمبلی کے باہر مظاہرہ بھی میری تجویز پر کیا گیا تھا۔ قبل ازیں اپوزیشن جماعتوں نے فردوس شمیم نقوی کو سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بنانے کے لئے درخواست جمع کرائی۔ درخواست پر تحریک انصاف، ایم کیو ایم پاکستان اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے ارکان کے دستخط تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close