سندھ

آج ایک ایماندار شخص ملک کا وزیراعظم ہے، گورنر سندھ عمران اسماعیل

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آج ایک ایماندار شخص ملک کا وزیراعظم ہے، ایماندار شخص کو پیسوں کی کمی نہیں ہوتی، بے ایمان لوگ ہوں تو کوئی پیسے نہیں دیتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی تنظیم کے فلاحی مرکز کا دورہ کرتے ہوئے کیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ فلاحی کام ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہیں، عمران خان کو فٹ پاتھ پر سونے والوں کی فکر ہے، نجی تنظیم کے ساتھ فٹ پاتھ پر رہنے والوں کے لیے شیلٹر ہوم بنائیں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ 6 لاکھ روپے کا ہیلتھ کارڈ جاری کرنے جارہے ہیں، پانچ کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے موبائل اسپتال منگوائے ہیں، گزشتہ پانچ حکومتوں نے وہ کام نہیں کیا جو موجودہ حکومت نے کیا۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ سرکلر ریلوے شہر کی جان اور شہر کا فخر تھا، ریلوے ٹریک پر قائم آبادیاں ہٹا دی جائیں گی جو حکومتی اراضی ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ریلوے کی زمین حکومت پاکستان کی ہے کسی وزیر کی نہیں ہے، سپریم کورٹ کے نئے حکم سے مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی اور ملکی سلامتی کے لیے دعا کی، انہوں نے مزار پر حاضری کے بعد فٹ پاتھ پر سوئے افراد میں کھانا اور کمبل تقسیم کیے۔

یاد رہے کہ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی و خوشحالی کے لیے کاوشیں کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، شہر قائد میں جدید سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران خان کراچی کی ترقی و خوشحالی کے لیے دلچسپی رکھتے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close