سندھ

چوہدری نثار وزیراعظم کے گھر والوں کا نام ای سی ایل میں شامل کرکے دکھائیں، شرجیل میمن

کراچی: سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اگر چوہدری نثار انصاف کے تقاضے پورے کر رہے ہیں تو نواز شریف کے گھر والوں کا نام ای سی ایل میں شامل کریں۔ کراچی کی احتساب عدالت میں محکمہ اطلاعات میں پانچ ارب 76 کروڑ روپے سے زائد کے کرپشن ریفرنس کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ اس ملک میں بادشاہت چل رہی ہے، ملک میں نواز شریف اور ان کے گھر والوں کا راج ہے اور مخالفین پر جھوٹے مقدمے بنائے جارہے ہیں، ان کا نام ای سی ایل میں اس وقت شامل کیا گیا جب ان کے خلاف کوئی کیس نہیں تھا۔۔ نیب چئیرمین، چوہدری نثار اور نواز شریف کی انگلیوں پر ناچ رہے ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ انصاف کے تقاضے پورے کر رہے ہیں تو نواز شریف کے گھر والوں کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کئے جائیں کیونکہ ان کے خلاف بھی جے آئی ٹی چل رہی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ وہ چوہدری نثار سے کہتے ہیں کہ تھوڑی ہمت دکھا دیں اور حسین نواز کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کریں، کیا ضمانت ہے کہ حسین نواز ملک سے فرار نہیں ہوں گے یا تو چوہدری نثار خود ان کے ضامن بن جائیں یا حسین نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کریں، ان کی نوکری نہیں جائے گی اور انہیں میاں صاحب نہیں ہٹائیں گے۔ بجلی کے بحران پر شرجیل میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کے لئے عذاب بن چکی ہے، وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو سوچنا چاہیئے انہوں نے رمضان میں عوام کو کیا تحفہ دیا، یہ وفاقی حکومت اور وزارت بجلی وپانی کی ناکامی ہے، سندھ کے دیہی علاقوں میں 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، کراچی کی حالت سندھ کے دیہی علاقوں سے لاکھ درجے بہتر ہے لیکن پھر بھی کے الیکٹرک مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close