کھیل و ثقافت

شارجہ میں پاکستان کی پہلی اننگز 281 رنز پر تمام

پیر کو محمد عامر اور یاسر شاہ نے پاکستانی اننگز 255 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی اور سکور میں مزید 25 رنز کا اضافہ کیا۔

اس موقع پر جوزف نے عامر کو بولڈ کر کے ویسٹ انڈین ٹیم کو نویں کامیابی دلوا دی۔

جب پاکستان کا سکور 281 پر پہنچا تو یاسر شاہ بھی جوزف کی دوسری وکٹ بن گئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اس اننگز میں بشو نے چار، شینن گیبریئل نے تین، جوزف نے دو جبکہ چیز نے ایک پاکستانی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کھیل کے پہلے دن بھی ویسٹ انڈین بولرز کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں پاکستانی بیٹسمین بڑے سکور تک پہنچنے کی تگ ودو کرتے نظر آئے تھے۔

پہلی اننگز میں پاکستان کے لیے سمیع اسلم، یونس خان، مصباح الحق اور سرفراز احمد نے نصف سنچریاں تو سکور کیں لیکن وہ ٹیم کو ایک بڑے سکور تک پہنچانے میں ناکام رہے۔

یہ پاکستان کے کپتان مصباح الحق کا بطور کپتان 49واں ٹیسٹ ہے اور وہ اب پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں قیادت کرنے والے کپتان بن گئے ہیں۔

اس میچ کے لیے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں میں دو، دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

پاکستانی ٹیم میں فاسٹ بولرز سہیل خان اور راحت علی کی جگہ محمد عامر اور وہاب ریاض کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ویسٹ انڈین ٹیم میں شائے ہوپ اور میگوئل کمنز کی جگہ شین ڈورچ اور الزاری جوزف شامل ہوئے ہیں۔

پاکستان یہ ٹیسٹ سیریز پہلے ہی دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر چکا ہے اور اب اس کی نظریں ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کے بعد ٹیسٹ سیریز میں بھی وائٹ واش پر ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close