دنیا

پاکستان بھارت کے درمیان خاموش اور ہولناک جنگ جاری-

نئی دہلی: سیاسی و اقتصادی تجزیہ کار ایک عرصے سے یہ نظریہ پیش کر رہے ہیں کہ آنے والے دور میں جنگیں پانی کی وجہ سے ہوں گی۔ باقی دنیا کے لئے تو یہ حالات نجانے کب پیدا ہوں گے لیکن بدقسمتی سے بھارت اور پاکستان پر یہ برا وقت آ بھی چکا ہے۔ دونوں ممالک کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے، لیکن بھارت کی خود غرضی بلکہ بے حسی کا عالم یہ ہے کہ وہ پاکستان کا پانی روکنے اور چوری کرنے کے لئے ہمہ وقت منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔ اس صورتحال میں پاکستان بھی ایسے اقدامات پر مجبور ہو رہا ہے جو اسے پانی کے بحران سے بچا سکیں اور یوں دونوں ممالک کے درمیان کیفیت ایک خاموش جنگ کی سی ہو چکی ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس جنگ کا اہم ترین محاذ نیلم دریا ہے جس پر کنٹرول لائن کے ایک جانب بھارت ڈیم بنا رہا ہے تو دوسری جانب پاکستان۔ان ڈیموں کا مقصد ہمالیہ کے پہاڑوں سے آنے والے پانی کو اپنے تصرف میں لانا ہے۔ دونوں ممالک دریائے نیلم پر پاور پلانٹ بھی بنا رہے ہیں۔ کنٹرول لائن کے ایک جانب پاکستان کا پاور پراجیکٹ دوسری جانب بھارت کا پراجیکٹ بن رہا ہے ۔ بھارت کا کشن گنگا پاور سٹیشن تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ اس صورتحال میں پاکستان کو سخت تشویش لاحق ہے کہ بھارت اپنے بنائے گئے ڈیم سے پاکستان کے حصے کا پانی روکنے کی کوشش کرے گا۔ اس خدشے کے پیش نظر پاکستان نے عالمی عدالت میں بھارت کے خلاف متعدد درخواستیں بھی دائر کر رکھی ہیں، لیکن بدقسمتی سے ماضی میں ایسی درخواستوں پر فیصلے عموماً پاکستان کے حق میں نہیں آئے ہیں۔
ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ صورتحال سنگین ہو رہی ہے۔ بھارت یہ ضرور سمجھ رہا ہے کہ پاکستان کو پانی سے محروم کر کے وہ اسے ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے لیکن بدقسمتی سے وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ آگ بھڑکے گی تو اس کا اپنا دامن بھی محفوظ نہیں رہ سکے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close