دنیا

مالی میں اقوام متحدہ کی امن فوج پر حملہ، پانچ فوجی ہلاک

افریقی ملک مالی کے وسطی علاقے میں ہونے والے ایک حملے میں اقوام متحدہ کے امن قائم کرنے والے پانچ فوجی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ایک فوجی زخمی ہوا ہے۔

ہلاک ہونے والے فوجیوں کا ٹوگو سے تعلق تھا اور یہ اپنی گاڑی میں موپٹی علاقے میں سفر کر رہے تھے جہاں بارودی سرنگ سے ٹکڑانے سے قبل ان پر فائرنگ کی گئي تھی

یہ علاقہ میسینا لبریشن فرنٹ کے مضبوط گڑھ کے طور پر معروف ہے اور اس تنظیم کا تعلق القاعدہ سے بتایا جاتا ہے۔

اسلام پسندوں اور طوراق جنگجوؤں کی جانب سے بغاوت کے بعد مالی میں استحکام کے لیے اقوام متحدہ کا مشن سنہ 2013 میں قائم کیا گیا تھا۔

ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن قائم کرنے والے فوجیوں پر اکثر حملے ہوتے رہتے ہیں۔

ابھی تک کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے

یہ حملہ سیوارے شہر کے قریب اقوام متحدہ کے پیس کیپرز کے بین الاقوامی دن کے موقعے پر ہوا۔ گذشتہ سال 16 ممالک میں اقوام متحدہ کے امن بحال کرنے والے 120 فوجی امن بحال کرنے کی کارروائیوں میں ہلاک ہوئے ہیں۔

مالی کی سابق سامراجی قوت فرانس نے جنوری سنہ 2013 میں ملک میں اس وقت مداخلت کی تھی جب باغیوں نے شمالی علاقوں کو قبضے میں لے لیا تھا اور دارالحکومت بماکو کے لیے خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔

اسی سال جولائی میں اقوام متحدہ کی فوج نے شمالی شہروں کی بازیابی کے بعد سکیورٹی کی ذمہ داری اپنے ہاتھوں میں لے لی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close