دنیا

ہم اتنے منقسم نہیں جتنے بظاہر نظر آ رہے ہیں

امریکی شہر ڈیلس میں ہلاک ہونے والے پانچ پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صدر براک اوباما نے امریکیوں سے مایوسی کو رد کرنے کے لیے کہا ہے۔

انھوں نے شہر میں ایک تعزیتی تقریب میں کہا کہ امریکہ کو ’غموں سے معنی حاصل کرنا چاہیے‘ اور متحد ہونا چاہیے۔ انھوں نے ملک میں روز افزوں نسلی کشیدگی کے درمیان شہر کا دورہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ مینیاسوٹا اور لوزیانا میں افریقی نسل کے امریکی شہریوں کی ہلاکت کے خلاف آٹھ جولائی کو ہونے والے مظاہرے کے دوران میکاہ جانسن نے ڈیلس میں پولیس پر گولی چلا دی۔

پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے سے قبل انھوں نے کہا کہ وہ سیاہ فام نوجوانوں کے گولی مارے جانے پر غم و غصے میں تھے۔

دریں اثنا سیاہ فام امریکیوں کے خلاف پولیس فورس کے حد سے زیادہ استعمال کے خلاف امریکہ بھر میں مظاہرے ہوئے ہیں۔

لیکن ڈیلس کے سمفونی سینٹر میں منگل کو صدر اوباما نے مایوسی کو مسترد کرنے کی اپیل کی۔

انھوں نے کہا: ’میں یہاں یہ کہنے آيا ہوں کہ ہمیں ایسی مایوسیوں کو مسترد کر دینا چاہیے۔ ہم یہاں یہ کہنے آئے ہیں کہ ہم اتنے منقسم نہیں ہیں جتنے ہم بظاہر نظر آ رہے ہیں۔

سابق صدر جارج ولیم بش نے پولیس افسروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’ان کی ہمت ہمارا تحفظ اور ڈھال ہے۔‘

لیکن ان سے پہلے ڈیلس کے میئر مائک رولنگس نے کہا تھا: ’ہمارے شہر کی روح کو زخمی کیا گیا ہے۔‘

خاتون اول مشیل اوباما، نائب صدر جو بیڈن اور ان کی اہلی جل بدھ کو مرنے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

امریکہ میں تشدد کی لہر جاری ہے جبکہ صدر اوباما کو پولیس کو خاطر خواہ تعاون نہ دینے کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرے اور تنقید کے سبب وہ خود کو حملے کی زد میں محسوس کرتے ہیں۔

اس سے قبل پیر کو صدر اوباما اور نائب صدر جو بائیڈن نے پولیس میں اصلاحات کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملاقات کی تاکہ پولیس اور عوام کے رشتے کو استوار کیا جا سکے۔

صدر اوباما نے تشدد کے سبب اپنے یورپ کے دورے کو مختصر کر دیا اور اب وہ ڈیلس میں بدھ کے روز قانون نافذ کرنے والے اداروں، مقامی رہنماؤں اور رضاکاروں سے ملاقات کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close