دنیا

کان میں 39 دن پھنسے کان کنوں کو زندہ نکال لیا گیا

چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق کان میں حادثے کے بعد 36 دن سے پھنسے چار کان کنوں کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔

چین مشرقی صوبے شانڈونگ میں واقع ایک کان میں 25 دسمبر کو حادثے کے نتیجے میں یہ کان کن زیر زمین پھنس گئے تھے۔

چین کے سی سی ٹی وی نے ایک کان کن کے کان سے نکلنے کے ڈرامائی مناظر دکھائے ہیں جس میں وہ باہر نکل رہے ہوتے ہیں اور پھر اسے ایمبولینس کے ذریعے ہپستال منتقل کر دیا گیا۔

کان کے حادثے میں 29 افراد پھنس گئے تھے جن میں سے اب تک 15 افراد کو نکال لیا گیا ہے، ایک کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 13 تاحال لاپتہ ہیں۔

چاروں کان کن 200 میٹر گہرائی میں پھنسے ہوئے تھے اور جب انھیں باہر نکالا گیا تو ان کی آنکھوں کو ماسک سے ڈھانپا گیا تھا۔

امدادی کارروائی میں چار سو سے زیادہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔

یہ اہلکار کئی ہفتوں سے ان کان کنوں تک پہنچنے کے لیے سرنگ کھود رہے تھے جبکہ ایک تنگ سوراخ کے ذریعے ان کو پانی اور نرم غذا مہیا کی جا رہی تھی۔

جمعے کو خصوصی طور پر تیار کردہ کیپسول کے ذریعے ان کو ایک ایک کر کے کان سے باہر نکالا گیا۔

25 دسمبر کو پیش آنے والا کان کا حادثہ اتنا شدید تھا کہ چین کے زلزلہ مرکز نے اس کو ریکارڈ کیا۔

اس سے پہلے چلی میں 2010 میں 32 کان کنوں کو 69 روز بعد کان سے نکالا گیا تھا جبکہ گذشتہ برس تنزانیہ میں پانچ کان کنوں کو 41 دن بعد زمین سے نکالا گیا تھا۔

خبررساں ادارے اے پی کا کہنا ہے کہ چین میں گذشتہ سال کان سے متعلق حادثات میں 931 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close