دنیا

جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ 8 اکتوبر سے دوبارہ کھل جائیگا

کابل : پاکستان نے افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں دوبارہ قونصل خانہ کھولنے کا اعلان کردیا۔

جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ آٹھ اکتوبر بروز پیر سے دوبارہ کام شروع کر دے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ اور کابل میں پاکستانی سفارت خانے نے قونصل خانہ کھلنے کی تصدیق کردی۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جلال آباد کا پاکستانی قونصل خانہ 30 اگست 2018 کو بند کیا گیا تھا، تاہم افغان حکومت کی جانب سے تحفظ کی یقین دہانی کے بعد قونصل خانہ آٹھ اکتوبر سے ویزوں کے اجراء کیلئے کھولا جارہا ہے۔

جلال آباد اور اطراف کے رہنے والے آٹھ اکتوبر سے ویزے کے اجراء کیلئے قونصل خانے میں درخواست دے سکتے ہیں، کابل میں پاکستانی سفارت خانے نے بھی جلال آباد قونصل خانہ کھولنے سے متعلق بیان جاری کردیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے رواں سال 30 اگست کو ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں واقع اپنا قونصل خانہ سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر تاحکمِ ثانی بند کردیا تھا۔

پاکستانی حکام نے ننگرہار صوبے کے گورنر حیات اللہ حیات پر قونصل خانے کے امور میں مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئےکہا تھا کہ افغان حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کی فراہمی تک قونصل خانہ بند رہے گا۔

قونصل خانے کی بندش سے افغانستان کے مشرقی سرحدی علاقوں کے ان ہزاروں افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا جن کا اپنے کاروبار، سرحد پار موجود رشتے داروں سے میل ملاقات، حصولِ تعلیم اور علاج وغیرہ کے لیے پاکستان آنا جانا لگا رہتا ہے۔

قونصل خانے کی بندش کے بعد سے دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام کے درمیان تنازع کے حل کے لیے بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا، جب کہ پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ ماہ دورہ کابل کے دوران بھی یہ معاملہ افغان حکام کے سامنے اٹھایا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close