Featuredدنیا

سعودی فوجی اتحاد کسی ملک یا مسلک کیخلاف نہیں، راحیل شریف

ریاض: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اپنے وفد کے ہمراہ اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد د ہشت گردی (آئی ایم سی ٹی سی ) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ہیڈ کوارٹرز میں آئی ایم سی ٹی سی کے کمانڈر جنرل راحیل شریف اور ڈپٹی کمانڈر جنرل عبدالرحمٰن نے وفدکا استقبال کیا۔ جنرل راحیل نے وفد کو آئی ایم سی ٹی سی کی کارکردگی اور اس کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی بریفنگ دی ۔انھوں نے بتایا کہ اس ادارے کا بنیادی مقصد دہشت گردی کا مقابلہ کرنا اور اس کو ختم کرنا ہے۔ انھوں نے اس تاثر کی بھی نفی کی کہ یہ ادارہ کسی ملک، قوم یا مسلک کے خلاف کارروائی کیلئے بنایا گیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ اور وفد میں موجود سینیٹرز نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی حکومت کے عزم اور کوششوں کو سراہا۔ قبل ازیں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے وفد کے ہمراہ مسک فاؤنڈیشن کا دورہ کیا۔ مسک کے سربراہ بدر الدین قاحیل نے چیئرمین سینیٹ کا استقبال کیا اور انہیں فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

انھوں نے بتایا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مسک فاؤنڈیشن کے بانی ہیں۔فاؤنڈیشن کا مقصد سعودی نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار کرنا ہے ۔ فاؤنڈیشن میں خاص طور پر تعلیم، ثقافت اور میڈیا کے میدان میں نوجوانوں کو تربیت دی جاتی ہے ۔ چیئرمین سینیٹ کو مسک فاؤنڈیشن کا تفصیلی دورہ کرایا گیا اور مختلف شعبوں میں ماہرین نے بریفنگ دی۔ چیئرمین سینیٹ نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کی تعریف کی جس کے تحت نوجوانوں کو ترقی یافتہ ممالک کے معیار کی ٹریننگ دی جا رہی ہے ۔ انھوں نے مسک کے کام کو بھی سراہا اور پاکستانی نوجوانوں کو بھی اس کاوش میں شامل کرنے کا اظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ وفد میں سینیٹر ز احمد خان ، مرزا محمد آفریدی ،نصیب اللہ بازئی ، فدا محمد خان ، محمد طلحہ محمود ، دلاور خان ، خانزادہ خان، غوث محمد نیاز ی اور ایڈیشنل سیکرٹری سینیٹ حفیظ اللہ شیخ بھی شامل ہیں ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close