دنیا

امریکہ شمالی کوریا کا میزائل نہیں گرائے گا

امریکی وزیرِ دفاع ایش کارٹر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر شمالی کوریا کا کوئی میزائل خطرے کا باعث نہیں بنتا تو امریکہ اس پر جوابی وار نہیں کرے گا۔

ایش کارٹر کے مطابق امریکہ اس میزائل پر حملہ کرنے کی بجائے اس کی پرواز کے بارے میں معلومات حاصل کرتا رہے گا۔

یاد رہے کہ وزیرِ دفاع ایش کارٹر کے بیان سے کچھ دن قبل نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ شمالی کوریا کا امریکہ تک مار کرنے والے جوہری میزائل کا پروگرام پایۂ تکمیل تک نہیں پہنچے گا۔ لیکن اس میزائل کو کیسے روکا جائے گا، اس بارے میں انھوں مزید تفصیلات نہیں دی تھیں۔

ایش کارٹر نے بحیثیت وزیرِ دفاع اپنی آخری پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر امریکہ کو ذرا سا بھی شبہ ہوا کہ یہ میزائل کسی طرح کے خطرے کا باعث بن سکتا ہے تو وہ اس کو مار گرائے گا۔

‘اگر وہ میزائل بےضرر ہے تو غالباٌ ہم کچھ نہیں کریں گے، بلکہ یہ ہمارے لیے زیادہ بہتر ہو گا کہ ہم اپنے دفاعی مواد کو ضائع نہ کریں اور یہ معلوم کریں کہ اس میزائل کا رخ کس طرف ہے اور کیوں ہے۔’

نئے سال کے موقعے پر شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ان کا ملک طویل فاصلے تک مار کرنے والا میزائل بنانے کے قریب پہنچ چکا ہے۔

اس پریس کانفرنس میں شامل امریکی فوج کے میرین جنرل جوزف ڈنفورڈ نے بھی ایش کارٹر کے بیان کی حمایت کی۔ جوزف ڈنفورڈ نو منتخب امریکی صدر کی انتظامیہ میں سب سے اونچے درجے کے فوجی افسر ہوں گے۔

گذشتہ ہفتے شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اے نے وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا بیان جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ شمالی کوریا یہ میزائل ‘کبھی بھی اور کہیں تک بھی’ مار کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے پچھلے سال دو جوہری تجربے کیے اور اپنی جوہری صلاحیتوں میں اہم پیش رفت کر چکا ہے۔

شمالی کوریا نے آج تک طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے تجربے نہیں کیے ہیں لیکن ماہرین کے مطابق اگلے پانچ سالوں میں وہ ایسا کرنے کے قابل ہو سکتا ہے۔

اقوام متحدہ مختلف قراردادوں میں بارہا شمالی کوریا کو جوہری پروگرام ترک کرنے کا کہہ چکی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close