دنیا

نریندر مودی کو براک اوباما کا الوداعی فون

امریکہ کے صدر براک اوبامہ نے انڈیا اور امریکہ کے تعلقات کو مضبوط کرنے کی ان کی کوششوں میں ساتھ دینے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔

وہائٹ ہاؤس کے ایک بیان کے مطابق صدر اوباما نے مودی کو بدھ کی شام فون کیا۔ انھوں نے دفاع، سول جوہری توانائی اور تجارتی تعلقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو مستحکم کرنے میں ان کی ’پارٹنر شپ‘ کے لیے شکریہ ادا کیا۔

نئی دہلی سے نامہ نگار شکیل اختر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اپنی بات چیت میں گذشتہ برس کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات میں ہونے والی جامع پیش رفت پر اطیمنان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ رشتے مزید وسیع ہوں گے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کے دفتر سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی نے انڈیا اور امریکہ کے درمیان سٹریٹیجک پارٹنر شپ بالخصوص دفاعی اشتراک کے لیے صدر اوباما کا شکریہ ادا کیا۔

صدر اوباما 20 جنوری کو اپنے عہدے کی مدت پوری کررہے ہیں۔

براک اوباما اور مودی کی پہلی ملاقات سنہ 2014 میں وہائٹ ہاؤس میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد دونوں رہنما آٹھ بار ملاقات کر چکے ہیں۔

صدر اوباما نے وزیر اعظم مودی سے اپنی مختصر الوداعی بات چیت میں سنہ 2015 کے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی کے طور پر اپنی شرکت کو یاد کرتے ہوئے 26 جنوری کو ہو نے والی تقربیات کے لیے پیشگی مبارکباد دی۔

نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ جمعے کو اپنے عہدے کا حلف لے رہے ہیں۔ انڈیا یہ امید کر رہا ہے کہ ٹرمپ کی صدارت میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہو سکتے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close