دنیا

مانچسٹر خودکش دھماکہ، سلمان عابدی کا والد رمضان عابدی اور 20سالہ بھائی ہاشم لیبیا سے گرفتار

طرابلس: برطانیہ کے شمالی شہر مانچسٹر میں امریکی گلوکارہ ایریانا گرینڈے کے ایک کنسرٹ کے بعد ہوئے خودکش بم دھماکے کے بعد پولیس نے حملہ آور سلمان عابدی کے والد رمضان عابدی اور ان کے 20سالہ بیٹے ہاشم عابدی کو حراست میں لیا ہے، انہیں طرابلس کے انسداد دہشت گردی دستے نے حراست میں لیا ہے جبکہ دو روز قبل برطانوی پولیس نے رمضان عابدی کے تیسرے بیٹے 23سالہ اسماعیل عابدی کو مانچسٹر سے گرفتار کیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق خود کش آور سلمان عابدی کے والد رمضان عابدی نے گرفتاری کے بعد برطانوی سیکیورٹی اداروں کو بتایا ہے کہ انہوں نے کچھ دن پہلے ہی سلمان سے فون پر بات کی تھی، رمضان کے مطابق سب کچھ معمول کے مطابق تھا، فون پر سلمان نے اپنے خاندان سے کہا تھا کہ وہ عمرے پر جارہا ہے۔واضح رہے کہ پولیس نے دو روز قبل منگل کو مانچسٹر میں سلمان کے بڑے بھائی اسماعیل کو بھی حراست میں لے لیا تھا۔
پیر کی رات مانچسٹر ایرینا میں ہوئے اس خودکش بم دھماکے میں 22افراد مارے گئے جبکہ 59دیگر زخمی ہوگئے تھے۔برطانوی سیکیورٹی ادارے مانچسٹر ایرینا دھماکے کے مشتبہ نیٹ ورک کی تلاش میں مصروف ہیں،اسی سلسلے میں پولیس نے ساتویں مبینہ مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا ہے،گرفتار ہونے والوں میں ایک مشکوک خاتون بھی شامل ہے تاہم اس کی شناخت کے حوالے سے برطانوی حکام نے نہیں بتایا ۔ پولیس نے بتایا کہ واروکشائر میں تلاشی کے دوران سیکیورٹی اداروں نے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کیا ہے۔برطانیہ کی پولیس کے مطابق دہشت گردانہ حملے کا خطرہ مسلسل برقرار ہے،صورت حال کے پیش نظر برطانیہ کے اہم علاقوں میں مزید فوجیوں کو تعینات کیا جارہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close