انٹرٹینمنٹ

خرابی صحت کے سبب سیلینا گومیز آرام کریں گی

ایک بیان میں گلوکارہ نے اپنی ذہنی بیماری کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان میں لوپس نامی ایک پیچیدہ بیماری کی تشخیص ہوئی تھی اور یہ تمام مسائل اسی کے منفی اثرات کا نتیجہ ہیں۔

گذشتہ برس سلینا نے انکشاف کیا تھا کہ لوپس کے لیے ان کا علاج ہورہا ہے جس سے جلد اور جسم کا دفاعی نظام بری طرح متاثر ہوتا ہے۔

24 سالہ گلوکارہ کا کہنا ہے کہ اب انھیں اپنے صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے تھوڑا وقت چاہیے۔

ویب سائٹ ’ٹو فیب‘ سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’اپنی صحت اور خوشیوں کو برقرار رکھنے کے لیے مجھے فعال ہونے کی ضرورت ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ اس کے لیے بہتر طریقہ کچھ وقت کے لیے کام کے بجائے چھٹیاں کرنا ہے۔‘

انھوں نے حمایت کے لیے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا: ’آپ کو معلوم ہے کہ آپ سب میرے لیے کتنے اہم ہیں، لیکن ۔۔۔ میں بہتر ہونے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ‎’میں اسے شیئر کرنے میں تنہا نہیں ہوں۔ میرے خیال سے دوسروں کو بھی اپنے مسائل کے تئیں اس سے حوصلہ ملے گا۔‘

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ سلینا کتنے دن کی چھٹیوں پر جائیں گی۔ ان کا ابھی ورلڈ ٹور بھی جاری تھا جس کے تحت پروگرام کی کئی تاریخیں پہلے سے ہی مقرر ہیں۔

آئندہ اکتوبر کے مہینے میں ہی انھیں برطانیہ کا دورہ کرنا ہے۔

ابھی باضابطہ طور پر اس طرح کا کوئی اعلان یا نوٹیفیکیشن بھی جاری نہیں ہوا کہ باقی پروگرام منسوخ کر دیےگئے، گرچہ زیادہ امکان اس بات کا ہے کہ وہ منسوخ کر دیے جائیں گے۔

لوپس جیسی بیماری کی تشحیض سے قبل 2013 میں بھی انھیں مجبوراً اپنا ٹوئر منسوخ کرنا پڑا تھا۔

دو ہفتے پہلے ہی کی بات ہے جب سیلینا گومیز نےاپنے سابق بوائے فرینڈ جسٹن بیبر سے آن لائن تلخ کلامی کی تھی۔

ہوا یہ تھا کہ جسٹن بیبر نے اپنی نئی گرل فرینڈ صوفیہ ریشی کی تصویر آن لائن شیئر کی تھی جس پر ان کے مداحوں نے منفی تبصرے کیے تھے۔ اس پر بیبر نے اپنے مداحوں سے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

سیلینا نے اس جوڑی کی تصویر کے نیچے لکھا: ’اگر آپ نفرت کو سنبھال نہیں سکتے تو پھر آپ اپنی گرل فرینڈ کی تصویریں پوسٹ کرنا بند کر دیں۔ یہ تو آپ دونوں کے درمیان کی بات ہونی چاہیے۔ اپنے مداحوں پر غصہ مت کرو۔ وہ آپ سے پیار کرتے ہیں۔‘

ماہرین کا کہنا ہے لوپس ایک پیچیدہ بیماری ہے جسے ابھی پوری طرح نہیں سمجھا جا سکا ہے۔ اس سے جسم کے مختلف حصے متاثر ہوتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close