تجارت

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز ٹریڈنگ کے دوران شدید مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے اور ایک وقت میں ہنڈریڈ انڈیکس میں 1200 سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

پاکستان سمیت کئی ایشیائی ممالک کی مارکیٹیں اِن دنوں شدید مندی کا شکار ہیں اور کاروبار کے آغاز کے پہلے ہی گھنٹے میں ہنڈریڈ انڈیکس شدید مندی کے بعد 29 ہزار 784 پوائنٹس کی سطح پر آگیا، جس کے بعد کاروبار میں کچھ بہتری دیکھنے میں آئی۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد سہیل کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کہ وجہ خطے کی مجموعی کیپیٹل مارکیٹس میں گراوٹ اور ایران پر سے اقتصادی پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ہے۔

اسٹاک مارکیٹ ذرائع نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی بروکرز اور کمپنیوں کے خلاف کارروائی بھی مارکیٹ کی خراب کارکردگی کی وجوہات میں سے ایک ہے۔

انڈیکس میں مسلسل گراوٹ کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچیج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی آج ملاقات بھی طے ہے جس میں فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی اسٹاک ایکسچیج کے معاملات میں براہ راست مداخلت کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی ہنڈریڈ انڈیکس میں مجموعی طور پر 1534 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی.

دوسری جانب ایشیا کے دوسرے حصص بازار بھی شدید مندی کا شکار ہیں۔

جاپان کے نکی انڈیکس میں ڈیڑھ فیصد، شنگھائی انڈیکس صفر اعشاریہ ایک فیصد، ہانگ کانگ کا ہینگ سنگ انڈیکس ایک اعشاریہ ایک فیصد اور جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس صفر اعشاریہ ایک فیصد نیچے آگیا۔

ممبئی اسٹاک ایکسچینج میں بھی مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔


Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close