Featuredاسلام آباد

آپ نے فیصلہ کرنا ہے ، ضد اور سیاسی نفرت کو ختم کرنا ہوگا:صدر مملکت

بہتر ہے الیکشن کے حوالے سے متفقہ فیصلہ کرلیں،عارف علوی

اسلام آباد:  یہ انتخاب کا سال ہے، سیاسی نفرت ختم کریں، بہتر ہے الیکشن کے حوالے سے متفقہ فیصلہ کرلیں۔

صدر مملکت عارف علوی کا پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چوتھا پارلیمانی سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آزادی کے 75سال مکمل ہونے پر بھی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس سال سب سے زیادہ مشکل مسئلہ سیلاب ہے، سیلاب متاثرین کی مدد کے حوالے سے افواج پاکستان کا کردار لائق تحسین ہے۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ سیلاب میں 1500 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان شدید متاثر ہورہا ہے، گلوبل وارمنگ میں پاکستان کا ایک فیصد بھی حصہ نہیں ہے، گلوبل وارمنگ کے اثرات پاکستان پر پڑ رہے ہیں، دنیا کو پاکستان کے سیلاب سے متعلق احساس ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے فصلوں کی پیداوار کو کئی گنا بڑھایا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو فصلوں کی انشورنس پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے، پانی کے ذخیرے کےلیے ملک کو مزید ڈیمز کی ضرورت ہے، پاکستانی قوم نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، ملکی آبادی کا بڑا حصہ نوجوان طبقے پر مشتمل ہے، ملکی ترقی کےلیے نوجوان نسل کو ہنر مند بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں 2کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، شرح خواندگی بڑھانے کیلئے آن لائن ایجوکیشن کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر تیز ترین ترقی کو ممکن بنایا جاسکتا ہے، دنیا میں اب سائبر جنگیں لڑی جارہی ہیں ، سائبر سیکیورٹی پر توجہ درکار ہے، انسداد پولیو کیلئے معاونت پر بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شکر گزار ہیں، چھاتی کے کینسر کی جلد تشخیص سے اموات پر قابو پایا جاسکتا ہے، ذہنی تناؤ معاشرے میں خاموش قاتل بن چکا ہے، ایک تحقیق کے مطابق 24 فیصد پاکستانی ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ یوکرین جنگ کی وجہ سے دنیا کے مختلف ممالک میں مختلف اثرات پڑے، پاکستان امن چاہتا ہے، کمر توڑ مہنگائی کیلئے حکومت ہی سر توڑ کوشش کرے گی، جمہوریت کی بہتری کیلئے میڈیا کی آزادی ضروری ہے، پاکستان اور چین کی دوستی مستحکم ہے، سی پیک پاکستان اور چین دوستی کی سب سے بڑی مثال ہے۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ یورپ اور امریکا کے درمیان تعلقات ہمارے لیے سود مند ہیں، سعودی عرب، ترکیہ سمیت برادر اسلامی ملکوں کیساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں، پاکستان 3 دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے، یہ انتخاب کا سال ہے، سیاسی نفرت ختم کریں، خدا کے واسطے ختم کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ بہتر ہے الیکشن کے حوالے سے متفقہ فیصلہ کرلیں، اگر کچھ پہلے ہوجائیں، تاہم حکومتی بینچز نے کہا کہ الیکشن وقت پر ہوں گے، جس کے جواب میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آپ نے فیصلہ کرنا ہے البتہ ضد اور سیاسی نفرت کو ختم کرنا ہوگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close