Featuredاسلام آباد

تحریک انصاف کو فیض آباد میں جلسے سے روک دیا گیا

اسلام آباد: فیض آباد میں جلسے کا اسٹیج لگانے پر راولپنڈی انتظامیہ اور پی ٹی آئی کے مابین اختلاف

تحریک انصاف کو فیض آباد میں جلسے سے روک دیا گیا، جس کے بعد پی ٹی آئی انتظامیہ نے جلسے کا اسٹیج فیض آباد سے رحمان آباد منتقل کردیا۔

انتظامیہ کی جانب سے شرائط کی خلاف ورزی کے باعث جلسے کا اسٹیج لگانے سے منع کیے جانے کے بعد پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز فیض آباد مری روڑ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے بتایا کہ مرکزی اسٹیج کو فیض آباد سے رحمان آباد منتقل کیا جا رہا ہے۔

قبل ازیں فیض آباد میں جلسے کا اسٹیج لگانے پر راولپنڈی انتظامیہ اور پی ٹی آئی کے مابین اختلاف تھا، جس پر راولپنڈی انتظامیہ نے جگہ تبدیل کرنے کی تجویز دی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے کہا کہ کبھی اسلام آباد انتظامیہ رکاوٹیں ڈال رہی ہے، اور اب نیا ڈراما شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلسہ مری روڑ ہی پر ہوگا، مگر فیض آباد سے 2 کلو میٹر آگے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے جلسے کو خراب کرنے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، لیکن ایسے معاملات سے ہمارے حوصلوں میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔ اب آگے مری روڈ سکستھ روڈ فلائی اوور پر جلسہ کریں گے۔

تحریک انصاف کی مقامی قیادت نے انتظامیہ کو معاہدے پر عمران خان کے دستخط شدہ بیان حلفی کی یقین دہانی کرائی تھی، جس پر انتظامیہ نے سیاسی رہنماؤں کی یقین دہانی کے بعد مشروط طور پر اجازت دی۔

انتظامیہ کے مطابق مشروط اجازت کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے شرائط پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا جب کہ انتظامیہ نے 36 شرائط پر تحریک انصاف کو معاہدے پر عمل سے مشروط اجازت دی تھی۔ ذرائع کے مطابق صورت حال کے پیش نظر تحریک انصاف چیئرمین کی جانب سےعمل درآمد نہ کرنے پر انتظامیہ نے این او سی منسوخی پر غور شروع کر دیا  ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق اسلام آبادسے راولپنڈی براستہ مری روڈ جانے والوں کے لیے فیض آباد پر ڈائیورشن لگادی گئی ہے جب کہ راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخلے کے لیے پرانا ائرپورٹ اور اسٹیڈیم روڈ استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ ریڈزون میں داخلے کے لیے ایکسپریس چوک اور نادرا چوک بند کردیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں مارگلہ روڈ ،ایوب چوک اورسرینا چوک کےمتبادل راستے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close