Featuredخیبر پختونخواہ

لکی مروت میں پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کا حملہ، 4 اہلکار شہید

 پشاور: لکی مروت کے تھانا برگئی پر دہشتگردوں کے حملے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔

لکی مروت پولیس کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے رات گئے تھانہ برگی پر حملہ کیا گیا، دہشت گردوں نے ہینڈگرینڈ اور راکٹ لانچرز سے تھانے پر حملہ کیا، حملے کے دوران پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

شہید ہونے والوں میں تھانے کا محرر، ہیڈکانسٹیبل ابراہیم، کانسٹیبل عمران شہید، کانسٹیبل خیرالرحمٰن اور کانسٹیبل سبز علی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق زخمیوں میں گل صاحب خان ,کانسٹیبل بلقیاز ، کانسٹیبل امیرنواز اور فرمان اللہ شامل ہیں۔

شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ لکی پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔

پولیس کا کہنا تھا حملے کی اطلاع کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی، علاقے میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

لکی مروت پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 پولیس اہلکار شہید ہوئے، حملہ میں 4 پولیس اہلکار زخمی بھی ہو جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ضلعی پولیس آفس کے اہلکار نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نصف شب کے قریب 12 عسکریت پسندوں نے پولیس اسٹیشن پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔

اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن میں ڈیوٹی پر موجود ہمارے 4 جوان شہید اور چار زخمی ہوئے۔

ترجمان لکی مروت پولیس شاہد حمید نے بتایا کہ آدھی رات کو عسکریت پسندوں نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا اور عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی، حملے کے وقت 60 سے زیادہ پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور عسکریت پسندوں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو تقریباً 45 منٹ تک جاری رہا۔

پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ پولیس اسٹیشن شہر سے بہت دور واقع ہے اور لکی مروت شہر سے وہاں پہنچنے میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کا وقت لگتا ہے، پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ حملے کے بعد حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔

گزشتہ مہینے بھی لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، اہلکاروں کو تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں شہید کیا گیا تھا، پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والی پولیس موبائل تھانہ ڈاڈیوالہ میں گشت کر رہی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close