Featuredسندھ

جماعت اسلامی اور پی پی بلدیاتی اداروں میں مل کر چلیں : سعید غنی

امید ہے سعید غنی اور ان کی ٹیم ہمارے مسائل کو دیکھے گی، حافظ نعیم

 کراچی : پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی کا کہنا تھا کہ جماعت کا پی پی کے ساتھ چلنا شہر کے مفاد میں ہے۔

پیپلز پارٹی نے جماعت اسلامی کو تحفظات سے متعلق ہر ممکن اقدام کرنے کی یقین دہانی کروادی۔

پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی کی سربراہی میں پی پی کے وفد نے ادارہ نورِ حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔

اس ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے نتائج پر ہمارے شدید تحفظات ہیں، جہاں جہاں یہ چیزیں بہتر بناسکتے ہیں بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں ہمیں لگا کہ حکومت اپنا اثر نہیں ڈال رہی تو بات چیت بڑھا سکتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں مسائل ہیں ان پر بات کی ہے، پی پی رہنماؤں نے بھی مثبت جواب دیا ہے جبکہ مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ جگہوں پر دوبارہ گنتی کا عمل جاری ہے، ہمیں جو تکلیف پیش آئی وہ فارم 12 اور 11 کا حصول تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نتائج لینے کے معاملے پر بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، دوبارہ گنتی کے نتیجے میں مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے اچھی خاصی نشستیں جیتی ہیں، ہم شروع سے چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی اور پی پی بلدیاتی اداروں میں مل کر چلیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت کا پی پی کے ساتھ چلنا شہر کے مفاد میں ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے تحفظات، اعتراضات دور کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ آگے بات چیت کے مراحل بھی جاری رکھیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن کے دن جو کچھ ہوا اس کی شکایات ہم نے کیں، نتائج کی تبدیلی پر ہم نے جدوجہد کی اور احتجاج بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دوبارہ گنتی کے عمل میں بھی غلطیاں ہو رہی ہیں، امید ہے سعید غنی اور ان کی ٹیم ہمارے مسائل کو دیکھے گی۔

سعید غنی نے کہا کہ حکومت کے براہ راست اختیار میں بہت ساری چیزیں نہیں ہوتی، جماعت اسلامی کے تحفظات دور کرنے میں سندھ حکومت جو کرسکتی ہے کرے گی۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ مسائل کے حل کے لیے دونوں جماعتیں ایک دوسرے سے تعاون رکھیں گی۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تمام تر تحفظات کے باوجود جو حقیقی مینڈیٹ ہے اس کو تسلیم کرتے ہیں۔

پی پی رہنما نے کہا کہ اختلافات کے باوجود ہمیں کوشش کرنی ہے کہ شہر کا ماحول خراب نہ ہو، الیکشن کمیشن بہتر کام کر رہا ہے لیکن کچھ تحفظات بھی ہوسکتے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close