Featuredسندھ

کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت بیشتر حصوں میں بارش متوقع

ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا، نیا سسٹم داخل ہونے سے مزید بارشوں کی بھی پیشگوئی کردی گئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں 21 سے 24 مارچ کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مضبوط مغربی لہر 21 مارچ سے پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جوکہ 22 مارچ کو ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔

نئی لہر کے دوران بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں آندھی / گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔

میٹ آفس کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں بھی 21 سے 24 مارچ کے دوران اکثر مقامات پر تیز ہواؤں / گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کشمیر / گلگت بلتستان میں بھی 21 سے 24مارچ کے دوران کشمیر اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

پنجاب اور اسلام آباد میں بھی نئے سسٹم کے آنے سے 21 سے 24 مارچ کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہوسکتی ہے۔

کراچی سمیت سندھ میں بھی 21 سے 23 مارچ کے دوران آندھی، گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، وادی نیلم کی بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری بھی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق منڈی بہاء الدین شہر اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی، شاہ کوٹ میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش سے موسم ٹھنڈا اور سہانا ہوگیا، وہیں فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس کی وجہ سے کاشتکار پیداوار میں ممکنہ کمی پرپریشان ہیں۔

لیہ شہر میں بھی،بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی، لکی مروت کے مختلف علاقوں میں بارش،کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close