Featuredپنجاب

این اے 100 فیصل آباد، رانا ثناء اللہ اور ڈاکٹر نثار جٹ کے درمیان تگڑا مقابلہ متوقع

پاکستان بھر میں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات 2024 میں محض ایک روز باقی ہے اور انتخابی مہم کا وقت ختم ہو چکا ہے، تاہم، یہ بحث ابھی جاری ہے کہ کس حلقہ میں کونسا امیدوار کس کے مدمقابل ہو گا؟ ، کون مضبوط یا کون کمزور ؟ اور کہاں کہاں تگڑا مقابلہ متوقع ہوگا؟۔

ایسی ہی ایک بحث فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 100 میں دیکھنے کو مل رہی ہے جہاں سے پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے اہم رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا ثنا ء اللہ اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے حمایت یافتہ امیدوار ڈاکٹر نثار احمد جٹ مدمقابل ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی سے انتخابی نشان ’ بلا ‘ واپس لئے جانے کے بعد ڈاکٹر نثار احمد جٹ آزاد حیثیت میں ’ مور ‘ کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے این اے 100 میں سدرہ سعید بندیشہ کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے تاہم، بحث کا مرکز رانا ثناء اللہ اور نثار احمد جٹ کا مقابلہ ہے۔

حلقہ سے متعلق اہم تفصیلات

این اے 100 فیصل آباد میں قومی اسمبلی کا چھٹا حلقہ ہے جس کی کل آبادی 9 لاکھ سے زائد نفوس پر مشتمل ہے جبکہ یہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 78 ہزار ہے جن میں 2 لاکھ 74 ہزار مرد اور 2 لاکھ 33 ہزار خواتین ووٹرز شامل ہیں، این اے 100 اس سے پہلے این اے 106 تھا۔

ماضی میں اس حلقے سے مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے امیدوار کامیاب ہوتے رہے ہیں۔

جنرل الیکشن 2018

عام انتخابات 2018 میں اس حلقہ سے رانا ثنا ءاللہ نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر ایک لاکھ 6 ہزار ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پی ٹی آئی امیدوار نثار احمد جٹ ایک لاکھ 3 ہزار ووٹوں کے ساتھ رنر اپ تھے، یوں سابق وفاقی وزیر نے صرف تین ہزار کے مارجن سے یہ نشست جیتی تھی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سعید اقبال میدان میں اترے تھے جنہوں نے 12 ہزار ووٹ حاصل کئے تھے۔

جنرل الیکشن 2013

عام انتخابات 2013 میں قومی اسمبلی کا یہ حلقہ این اے 81 تھا اور مسلم لیگ نواز کی جانب سے نثار احمد نے ایک لاکھ 22 ہزار حاصل کر کے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سعید اقبال کو شکست دی تھی جو 40 ہزار ووٹوں کے ساتھ رنر اپ تھے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جہانزیب امتیاز گل کو میدان میں اتارا گیا تھا جنہوں نے 28 ہزار ووٹ حاصل کئے تھے۔

پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی امیدواروں کے درمیان دلچسپ تعلق

پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار ڈاکٹر نثار احمد جٹ پیپلز پارٹی کے سابق رہنما چودھری الیاس جٹ کے داماد ہیں، الیاس جٹ نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے کیا تھا اور حلقہ این اے 81 سے 1993 میں بہت بڑی اکثریت سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے جبکہ پیپلپز پارٹی کی امیدوار سدرہ سعید بندیشہ الیاس جٹ کی بھتیجی ہیں اور نثار جٹ کی اہلیہ اور سدرہ سعید چچا کی بھی بیٹی ہیں۔

دیگر امیدوار

این اے 100 میں الیکشن لڑنے والے دیگر امیدواروں میں تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) کے امیدوار ابرار حسین، جے آئی پی کی جانب سے معاذ احمد رندھاوا جبکہ ایم ایم ایل کی جانب سے ملک عبدالرحمان شامل ہیں۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر جہانزیب امتیاز گل سمیت 9 امیدوار آزاد حیثیت میں بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close