Featuredاسلام آباد

مفاد پرست عناصر ناکامیوں پر عدم استحکام اور غیر یقینی صورت حال پیدا کررہے ہیں

سوشل میڈیا اور میڈیا پروگراموں میں مداخلت کے الزامات لگا کر فوج کو بدنام کیا جارہا ہے

راولپنڈی: الیکشن 2024 میں صرف محفوظ ماحول فراہم کیا، کچھ عناصر الزام تراشی کررہے ہیں

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت263ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں شرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

فورم نے عزم کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کےلیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

آرمی چیف نے کمانڈرز کو دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خلاف حاصل شدہ اہداف کے فوائد کو مستحکم کرنے کی ہدایت کی۔

فورم نے بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر جاری جبر پر تشویش کا اظہار کیا اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔

کانفرنس کے شرکاء نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا اور غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے اور ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کےلیے اپنے بھائیوں کے اصولی مؤقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔

عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مینڈیٹ کے مطابق تمام تر مشکلات کے باوجود محفوظ ماحول مُہیا کرنے پر فورم نے سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔

فورم نے اس بات کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دیے گئے مینڈیٹ کے مطابق عام انتخابات 2024 کے انعقاد کےلیے عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا اور اس سے زیادہ افواج پاکستان کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

کانفرنس کے شرکاء نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کچھ مخصوص مگر محدود سیاسی عناصر، سوشل میڈیا اور میڈیا کے کچھ سیگمنٹس مداخلت کے غیر مصدقہ الزامات کے ساتھ پاکستان کی مسلح افواج کو بدنام کر رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے۔

فورم نے کہا کہ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ گُڈ گورننس، معاشی بحالی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح و بہبود جیسے حقیقی مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے ایسے مفاد پرست عناصر کی پوری توجہ اپنی ناکامیوں کو پسِ پشت ڈال کر سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔

کانفرنس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ غیر آئینی اور بےبنیاد سیاسی بیان بازی اور جذباتی اشتعال انگیزی کا سہارا لینے کی بجائے ثبوت کے ساتھ مناسب قانونی عمل کی پیروی کی جائے۔

فورم نے مرکز اور صوبوں میں اقتدار کی جمہوری انداز میں منتقلی پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ انتخابات کے بعد کا ماحول پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام لائے گا، جس کے نتیجے میں امن اور خوشحالی آئے گی۔

فورم اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ جمہوری استحکام ہی ملک کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔

کانفرنس کے شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عسکری قیادت چیلنجز اور خطرات سے پوری طرح باخبر ہے اور پاکستان کے عوام کی حمایت کے ساتھ اپنی آئینی ذمہ داریوں کو نبھانے کےلیے پُرعزم ہے۔

فورم نے سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے اور سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعادہ کیا اور کہا کہ اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری، وَن ڈاکومنٹ رجیم اور تمام غیر قانونی تارکین کی باعزت اور محفوظ وطن واپسی سمیت تمام غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں بھرپور مدد فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعظم پاکستان کے عزم کے مطابق فورم نے اعادہ کیا کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، اشتعال دلانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو یقینی طور پر قانون اور آئین کی متعلقہ دفعات کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

فورم نے اعادہ کیا کہ اس سلسلے میں مسخ شدہ، ابہام اور غلط معلومات پھیلانے کی بدنیتی پر مبنی کوششیں بالکل بےسود ہیں جو صرف مذموم سیاسی مفادات کے حصو ل کےلیے منظم مہم کا حصہ ہیں تاکہ 9 مئی کی گھناؤنی سرگرمیوں پر پردہ ڈالا جا سکے۔

کانفرنس کے شرکاء نے بعض مذموم عناصر کی جانب سے معاشرے میں مایوسی اور تقسیم ڈالنے کےلیے پھیلائی جانے والی منظم جھوٹی اور جعلی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا۔ فورم نے پاکستان کے قابلِ فخر عوام پر زور دیا کہ وہ مثبت اور متحد رہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں دل و جان سے حصہ لیں۔

کانفرنس کے شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فوج پائیدار استحکام، خوشحالی اور سلامتی کے سفر میں قوم کا دفاع اور خدمت ہر ممکن طریقے سے جاری رکھے گی۔

آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور حوصلہ افزائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔

کور کمانڈز نے کہا ہے کہ الیکشن 2024 میں مسلح افواج نے میڈیٹ کے مطابق عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا مگر کچھ عناصر کی جانب سے الزام تراشی کی جارہی ہے جو قابل مذمت ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close