پاکستان

وزیر اعلیٰ پنجاب کی چین میں مختلف بین الاقوامی فورمز میں شرکت

بیجنگ: وزیراعظم نوازشریف کے ہمراہ وزیراعلیٰ شہبازشریف سمیت چاروں وزیراعلیٰ اس وقت چین کے دورے پر ہیں جہاں وزیراعظم اور شہبازشریف کی ترک صدر رجب طیب اردگان سے بھی ملاقات ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق ترک صدر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ترک تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے تعاون بڑھانے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ اس موقع پر شہبازشریف نے چین کی سر زمین پر ترک صدر سے ملاقات پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنے بھائی سے مل کر بہت خوش ہوں ‘،اس ملاقات کو پوری دنیا کے میڈیا نے کور کیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہناتھا کہ ترکی اور پاکستان ہاتھوں میں ہاتھ تھامے ترقی اور خوشحالی کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ ترکی میں حالیہ خوشحالی آپ کی پر جوش قیادت اور حکومت کی کڑی محنت کا نتیجہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا کہ چینی بیلٹ اینڈ روڈ رورم سے متعلق چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات انتہائی نتیجہ خیز رہی، جس دوران ون بیلٹ ون روڈ سے فائدہ حاصل کرنے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستانی وفد نے نور بیکری کی قیادت میں نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن کے وفد سے ملاقات کی اور سی پیک کے تحت توانائی کی منصوبوں پر گفتگو کے علاوہ این ای اے سے توانائی کے میدان میں مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط بھی کئے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پبلک پاور پراجیکٹس کی مد میں 8ہزار میگا واٹ بجلی پیداکی جارہی ہے ، پنجاب میں انڈپینڈنٹ پاور پراجیکٹ اور پبلک پاور پراجیکٹ کی مد میں توانائی کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں ۔ ان منصوبوں میں 1320میگا واٹ پراجیکٹ ساہیوال، 660میگاواٹ مظفر گڑھ م 1320میگا واٹ رحیم یار خان اور 1000میگا واٹ قائد اعظم سولر انرجی پارک شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی آج کی مصروفیا ت نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کا بہتر امیج دنیا بھر میں پیش کرنے کے لئے اہم رہیں ، وزیر اعلیٰ پنچاب نے وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزرا ءسمیت نیشنل کنونشن سینٹر میں ون بیلٹ ون روڈ سمٹ کے افتتاحی سیشن میں شرکت کی، بی آر ایف 2017ء میں براہ راست مکالمے کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ون بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ بین الاقوامی سطح ممالک کے باہمی تعاون کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔چینی صدر کا یہ اقدام نہ صرف مستقبل کی راہیں متعین کرے گا بلکہ اس سے قومیں ایک مرکز پر جمع ہوں گی اور یہ ایک تاریخی قدم ثابت ہوگا۔ اپنے خطاب سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل اور پیپلز ڈیلی چائنہ کو انٹرویو بھی دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ون بیلٹ ون روڈ سمٹ میں شرکت دیگر سربراہان مملکت سے رابطے کا ایک اہم ذریعہ تھی، یہ بھی واضح ہے کہ یہ سمٹ پاکستان کے لئے انتہائی اہم تھی اور اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس سمٹ کو رابطے، نئے مواقع کی تلاش ، پاکستان میں امن و استحکام کے لئے بین الاقوامی قائدین سے رابطے کے لئے استعمال کیا۔ وزیر اعلی پنجاب کی چائنہ میں مختلف امور کی انجام دہی کہ بعد یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ پاکستان ترقی کی نئی راہوں کی تلاش میں کامیاب ہوگیا ہے اور آج کی دنیا میں دیگر ممالک کے ساتھ تعاون اور اتحاد کے بغیر کوئی بھی ملک تنہا نہیں رہ سکتا۔ دنیا بدل رہی ہے اور ہمیں بھی خود کو بدلنا ہوگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close