گلگت بلتستان

پشاور خودکش دھماکے میں شہید ہونیوالے اے آئی جی کو اسکردو میں سپردخاک کردیا گیا

اسکردو: پشاور میں آج صبح خودکش بم دھماکے میں شہید ہونے والے ایڈیشنل آئی جی محمد اشرف نور کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ اسکردو میں سپردخاک کر دیا گیا۔ شہید کی نماز جنازہ پولیس گراؤنڈ اسکردو میں ادا کر دی گئی، جس میں فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل ثاقب محمود، کمانڈر 62 برگیڈ برگیڈئیر اظہر منیر کاہلو، سول انتظامیہ کے افسران، سیاسی نمائندے، مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ شہید کی نماز جنازہ نوربخشیہ مکتب فکر کے عالم دین قاری غلام رسول نے پڑھائی۔ جنازے کے کی نماز کے بعد شہید کے جسد خاکی کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

پولیس گراؤنڈ میں نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ جنازے میں شریک ہونے والے افراد کو واک تھروگیٹ سے گزارا گیا۔ فورس کمانڈر سمیت اعلٰی فوجی افیسران نے شہید کی میت کو کندھا دیا۔ اشرف نور شہید کے جسد خاکی کو سی ون تھرٹی کے ذریعے خیبر پختونخواہ سے اسکردو لایا گیا تھا۔ واضح رہے کہ اے آئی جی محمد اشرف نور کو جمعہ کی صبح پشاور میں گھر سے دفتر جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں اشرف نور اپنے گن مین کے ہمراہ شہید ہوگئے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close