اسلام آباد

شیخ نیہان سے بطور مشیر ملنے والی مراعات کی تفصیل نہیں بتا سکتا، اسحاق ڈار کا جے آئی ٹی میں بیان

اسلام آباد: پاناما لیکس کی جے آئی ٹی کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے کیے جانے والے اکلوتے سوال کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔ رپورٹ کے مطابق جے آئی ٹی نے اسحاق ڈار سے جو واحد سوال کیا وہ یہ تھا کہ کیا آپ کو معلوم ہے سعید احمد نیشنل بینک کے صدر تعینات ہونے سے قبل کیا کرتے تھے جس کے جواب میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ سعید احمد لندن میں نرسنگ ہوم چلاتے تھے، انہیں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کرنے کی سفارش کی تھی اور اگر 1999 میں ہماری حکومت برخاست نہ ہوتی تو وہ سعید احمد کو ہی ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کرتے۔
اسحاق ڈار نے جے آئی ٹی کو سعید احمد سے متعلق مزید بتایا کہ صدر نیشنل بینک سعید احمد گورنمنٹ کالج لاہور میں پڑھتے تھے اور میری طرح گولڈ میڈلسٹ ہیں تاہم انہیں ہجویری ہولڈنگ کے اکاونٹ سے سعید احمد کو 10 کروڑ 20 لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن کا پس منظر معلوم نہیں۔ اسحاق ڈار نے جے آئی ٹی کو بتایا کہ انہوں نے ایف بی آر کو ہدایت کی تھی تمام ٹیکس ریٹرنز جے آئی ٹی کو فراہم کردیے جائیں تاہم انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ ان کا کوئی ٹیکس ریکارڈ نہیں ملا، اس بات کی تحقیقات کرائی جائیں گی کہ ان کا ریکارڈ کیوں ٹریس نہیں ہوا اور ریکارڈ دستیاب ہوتے ہی پہلی فرصت میں جے آئی ٹی کو بھجوا دیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے جے آئی ٹی کو یہ بھی بتایا کہ سن 2000 سے پہلے کا ٹیکس ریکارڈ نیب اور آئی ایس آئی لے گئی تھی جبکہ ان کی اپنے بھانجے موسیٰ غنی سے کافی عرصے سے ملاقات نہیں ہوئی۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان سے باہر ان کا کوئی کاروباری مفاد نہیں، وہ 2008 سے قبل شیخ نیہان کے مشیر تھے اور 23 مارچ 2008 کو تمام عہدوں سے مستعفی ہو گئے تھے تاہم وہ شیخ نیہان سے بطور مشیر ملنے والی مراعات اور معاوضے کی تفصیل نہیں بتا سکتے۔ اسحاق ڈار نے جے آئی ٹی کو یہ بھی بتایا کہ براق ہولڈنگز کا کسی پاکستانی کمپنی کی ٹرا نزیکشن سے تعلق نہیں ہے۔
خیال رہے کہ پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو بھی طلب کیا تھا تاہم ان سے کی جانے والی تفتیش کا دورانیہ سب سے کم یعنی 45 منٹ تھا جبکہ وزیراعظم نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں سے جے آئی ٹی نے گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close