اسلام آباد

تاریخ میں احتساب کے نام پر سب قوانین سیاستدانوں کے لئے بنائے گئے، رضا ربانی

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ تاریخ میں احتساب کے نام پر سب قوانین سیاستدانوں کے لئے بنائے گئے، عدلیہ اور افواج کا احتساب انکے اپنے طریقہ کار کے مطابق ہوتا ہے، کہتے ہیں احتساب کے لئے ایک ہی ادارہ ہونا چاہئے جس کے سامنے سول سروس، عدلیہ، فوج اور سیاستدان سب جوابدہ ہوں۔ وزیر قانون زاہد حامد نے چیئرمین سینیٹ رضا ربانی سے درخواست کی کہ جے آئی ٹی کا معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے اس لئے معاملے پر ایوان میں بحث کروانا مناسب نہیں ہوگا۔ اس پر چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ ٹاک شوز اور سپریم کورٹ کے باہر پانامہ سے متعلق بات کی جا رہی ہے، جے آئی ٹی نے جن افراد کو نوٹس جاری کیا انہوں نے باہر آکر میڈیا سے بات کی۔ جب پوری قوم جے آئی ٹی پر بات کر رہی ہے تو ایوان میں اس معاملے پر بحث کو کیسے روک سکتے ہیں۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ تاریخ میں احتساب کے نام پر سب قوانین سیاستدانوں کے لئے بنائے گئے، عدلیہ اور افواج کا احتساب انکے اپنے طریقہ کار کے مطابق ہوتا ہے، احتساب کے لئے ایک ہی ادارہ ہونا چاہئے جس کے سامنے سول سروس، عدلیہ، فوج اور سیاستدان سب جواب دہ ہوں۔ اپوزیشن نے الیکٹرانک کرائم ایکٹ کے استعمال پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایکٹ کو کالا قانون قرار دے دیا۔ سینیٹ ارکان کا کہنا تھا کہ آج بھی کالعدم تنظیمیں سوشل میڈیا کا استعمال کر رہی ہیں، فوج اور نیشنل سیکیورٹی کے خلاف پوسٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کیا گیا، 90 ایکڑ زمین دینے کا سوال فوج کی بدنامی ہے؟۔ ریاست نیشنل سیکیورٹی کے نام پر اظہار آزادی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔

وزیر قانون زاہد حامد نے ڈی ایچ اے لاہور اور راولپنڈی میں کرپشن سے متعلق تحریک پر جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایچ اے لاہور منصوبہ ایک فراڈ تھا، اس منصوبے کے لئے نہ کسی کے پاس زمین تھی نہ لے آئوٹ پلان تھا، اس منصوبے کے نام پر 16 ارب روپے کا فراڈ کیا گیا، جس سے 10 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے، زاہد حامد نے بتایا کہ 3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ کامران کیانی ملک فرار ہے جس کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close