اسلام آباد

چوہدری نثار علی خان کا اتوار کو پریس کانفرنس کرنیکا اعلان، ن لیگ میں ہلچل مچ گئی

اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کل شام پانچ بجے پریس کانفرنس کا اعلان کردیا۔ چوہدری نثار علی خان کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیرداخلہ اتوار کو شام پانچ بجے پریس کانفرنس کریں گے اور میڈیا خبروں میں نوازشریف کی ریلی میں اپنی عدم شرکت پر ہونے والی چہ مگوئیوں پر بات کریں گے، سابق وزیر داخلہ کے ترجمان کے مطابق، چوہدری نثار مسلم لیگ (ن) کی موجودہ جارحانہ سیاسی حکمت عملی پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ پریس کانفرنس میں سابق وزیر داخلہ اپنی 4 سالہ کارکردگی پر تفصیلی گفتگو کرینگے اور سابق وزیر اطلاعات پرویزرشید کی تنقید کا جواب بھی دینگے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا تھا کہ نوازشریف کے خلاف سازش جنرل (ر) پرویز مشرف کی بد روح نے کی جبکہ اپنی وزارت داخلہ ہونے کے باوجود ہمارے خلاف فیصلے ہوئے۔ پرویز رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان چوہدری نثار نے کہا تھا کہ کچھ لوگوں نے اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کا سارا بوجھ وزارت داخلہ اور اسٹیبلشمنٹ پر ڈال دیا ہے، پرویز رشید میں یہ بھی اخلاقی جرات ہونی چاہیئے کہ قوم سے پہیلیاں بجھوانے کی بجائے سازش کے بارے میں کھل کر وضاحت کریں۔ دوسری جانب پرویز رشید نے ٹوئٹر پر اپنے کسی بھی اکاونٹ سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاونٹ نہیں ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close