اسلام آباد

آئین کے آرٹیکل 62، 63 میں ترمیم نوازشریف کو بچانے کیلئے کی جارہی ہے، خورشید شاہ

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف کو بچانے کیلئے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کو ختم کیا جارہا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ جب پی پی پی نے ترمیم کا کہا تھا تو مسلم لیگ (ن) نے آصف زرداری کو پھنسانے کے لیے ضیاء الحق کی ترامیم ختم کرنے کی مخالفت کی تھی لیکن اب (ن) لیگ اپنے سیاسی مقاصد کیلئے ترمیم کررہی ہے۔ اللہ کی قدرت ہے کہ اب وہ خود اس میں پھنس گئی کیونکہ اللہ کہتا ہے میں سب کو بخش دونگا لیکن منافق کو نہیں بخشوں گا، میں نواز شریف کو منافق نہیں کہتا لیکن ان کی نیتوں میں فرق ہے۔ حکومت صرف میاں نواز شریف کو بچانے کیلئے 62 اور 63 کا قانون ختم کررہی ہے۔ یہ وقت آرٹیکل 62 اور 63 کو ختم کرنے کا نہیں، پیپلزپارٹی آئین میں ایسی کسی بھی ترمیم کی حمایت نہیں کرے گی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ وہ بطور قائد حزب اختلاف امریکی صدر کو منہ توڑ جواب دینے پر چین کے شکر گزار ہیں، چین کے اس اقدام سے پاک چین دوستی مزید مستحکم ہوگی، آج پوری پاکستانی قوم میں چین کی محبت میں اضافہ ہوا ہے، ہماری وزارت خارجہ اس معاملے کا مقابلہ کرنے میں ناکام ہو گئی، وزارت خارجہ کی پالیسی ’اب کے مار کے دکھا‘ والی ہے، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close