اسلام آباد

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے

اسلام آباد: جمیعت علما اسلام سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے

وزیر اعظم، صدر مملکت سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے تعزیت کا اظہار کیا جبکہ وفاقی وزیر کی اسلام آباد میں نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق مفتی عبدالشکور میریٹ ہوٹل سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے۔ جہاں ہائی لکس ریوو گاڑی سے مولانا عبدالشکور کی کار کی ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں اُن کی گاڑی دو قلا بازیاں کھاتی ہوئی فٹ پاتھ سے ٹکرائی۔

مولانا عبدالشکور کو زخمی حالت میں پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔ دوسری جانب پولی کلینک کے ترجمان نے کہا ہے کہ مفتی عبدالشکور کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔ حادثے کے وقت مفتی عبدالشکور گاڑی خود چلا رہے تھے۔

وفاقی وزیر کے ساتھ گاڑی میں محافظ بھی تھے جو حادثے میں شدید زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق جس گاڑی نے مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری اُس میں سوار پانچ میں سے تین افراد کو چوٹیں آئیں جن کی حالت خطرے کے باہر ہے۔

حادثے کے بعد اسلام آباد پولیس کے آئی جی نفری کے ہمراہ اسپتال پہنچے جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور جے یو آئی کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں پولی کلینک پہنچے۔ اس موقع پر اسپتال کے باہر جذباتی مناظر میں دیکھنے میں آئے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور اور امیر جے یو آئی فاٹا مفتی عبد الشکور کی نماز جنازہ ابھی رات ساڑھے بارہ بجے مسجد دارالسلام سیکٹر جی سکس ٹو نزد سی ڈی اے ہسپتال میں ادا کیا جائے گا جبکہ جے یو آئی میڈیا سیل کے مطابق مولانا عبدالشکور کی نماز جنازہ  اتوار کو دوپہر دو بجے آبائی علاقے تاجبی خیل لکی مروت میں ادا کی جائے گی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ اور تمام وابستگان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے، مفتی عبدالشکور جمعیت علما اسلام کے متحرک اور نظریاتی رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے وزیر مذہبی امور کے طور پر بڑی محنت، اخلاص اور ایمانداری سے فرائض انجام دیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی دینی، ملی، قومی وسیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل دے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی وزیر مفتی عبد الشکور کے ٹریفک حادثے میں انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور اُن کی بین المذاہب ہم آہنگی کیلیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر مملکت نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی ، صبر جمیل کی دعا کی جبکہ مفتی عبد الشکور کی مغفرت کیلیے بھی دعا کی۔

علاوہ ازیں وفاقی وزرا بلاول بھٹو، مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ سمیت دیگر کابینہ اراکین نے مفتی عبدالشکور کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی مغفرت اور اہل خانہ کیلیے صبر کی دعا کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close