اسلام آباد

الیکشن کمیشن کی سینیٹ قرارداد پر انتخابات تاخیر سے کرانے کی معذرت

الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے سینیٹ قرارداد پر انتخابات تاخیر سے کرانے کی معذرت کرلی۔

الیکشن کمیشن نے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو سینیٹ میں منظور ہونے والی قرارداد کے جواب میں مراسلہ ارسال کرتے ہوئے انتخابات تاخیر سے کرانے کی معذرت کرلی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے کے مطابق سینیٹ قرارداد سے متعلق کمیشن کے اجلاس میں تبادلہ خیال کیا گیا ہے، صدر مملکت کی مشاورت سے عام انتخابات کیلئے 8 فروری کی تاریخ رکھی، امن و امان کی بحالی کے لیے نگران حکومتوں کو ہدایت جاری کیں اور سکیورٹی بہتر اور ووٹرز کو سازگار ماحول فراہم کرنے کی ہدایات کی ہیں۔

مراسلے میں لکھا گیا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لئے تمام ضروری انتظامات کرلئے ہیں، 8 فروری کو الیکشن کے لیے سپریم کورٹ کو بھی یقین دہانی کر اچکے، ماضی میں عام انتخابات اور بلدیاتی الیکشن سردیوں میں ہوتے رہے ہیں، حقائق کو دیکھتے ہوئے عام انتخابات ملتوی کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

ای سی پی کی جانب سے سینیٹ کی قرارداد میں درج مؤقف کو یکسر مسترد کردیا گیا اور واضح موقف اختیار کیا گیا کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

یاد رہے کہ 5 جنوری کو سینیٹ کی جانب سے ملک میں عام انتخابات 2024ء ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی تھی جس پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے دستخط بھی کر دیئے تھے اور سینیٹ سیکریٹریٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ سینیٹر دلاور خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو خط بھی لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ سینیٹ نے 5 جنوری کو الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد پاس کی تھی، الیکشن کمیشن کا انتخابات ملتوی کرانے کیلئے تاحال کوئی قدم نہ اٹھانا پریشان کن ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close