اسلام آباد

ایران پاکستان کےخلاف کسی سرگرمی میں ملوث نہیں، چوہدری نثار

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ایران پاکستان کےخلاف کسی سرگرمی میں ملوث نہیں اور یہ بات بھی غلط ہے کہ ایران پاکستان کے خلاف سہولت کارکا کردار ادا کر رہا ہے لہٰذا برادر ملک کو لے کر الزامات سے اجتناب کیا جائے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ ایرانی سفیر سے دہشت گردی سے متعلق تفصیلی بات ہوئی لیکن ملاقات سے متعلق پریس ریلیز سے ہٹ کر باتیں کی گئیں، ایرانی صدر سے متعلق میڈیا پر آنے والی تنقید پر تشویش ہے، ایرانی سفیر سے بھی کہا ہے کہ ہمارا میڈیا آزاد ہے جو ہمیں بھی نہیں بخشتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران قربت، بھائی چار ے کو پاکستان میں ہر سطح پر حمایت حاصل ہے، ایرانی صدر کے دورے کے فوائد کو مضبوط کیا جائے، بھارتی جاسوس کے معاملے کو ایران پاکستان تعلقات سے نہ جوڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سےلوگوں کا مفاد ہے کہ پاکستان اورایران کےتعلقات خراب ہوں لیکن ایرانی صدرنے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی ایران کی سیکیورٹی ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ ہمارا مسئلہ ’’را‘‘ سے ہے، ایران سے نہیں، ایران نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اورایران پاکستان کےخلاف کسی سرگرمی میں ملوث نہیں جب کہ یہ بات بھی غلط ہے کہ ایران پاکستان کے خلاف سہولت کارکا کردارادا کر رہا ہے لہٰذا ایران کو لے کر الزامات سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس کا معاملہ منطقی انجام تک پہنچائیں گے، جاسوس کا تعلق بھارت اور ’’را‘‘ سے ہے، ایران سے نہیں اور بھارتی جاسوس جہاں بھی ہوں گے انہیں گرفتار کریں گے۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close