اسلام آباد

دھرنا 21ویں روز میں داخل، کراچی، لاہور سمیت ملک بھر میں غیرمعمولی حالات

اسلام آباد: اسلام آباد میں فیض آباد انٹر چینج پر جاری دھرنا 21ویں روز میں داخل ہو گیا جبکہ لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں بھی آپریشن کے خلاف مظاہرین کے دھرنے جاری ہیں۔ راولپنڈی شہر میں آہستہ آہستہ زندگی معمول پر آنا شروع ہو گئی ہے۔ سکیورٹی اداروں نے مری روڈ سے ڈبل روڈ کی جانب اسلام آباد جانے والی شاہراہ کلیئر کرا دی۔ مری روڈ، شمس آباد میں بھی معمولات بحال ہوگئے، سیکٹر آئی ایٹ مکمل طور پر سیل ہے۔ مظاہرین نے آئی ایٹ کے قریب اتوار کو ایک مرتبہ پھر پولیس پر پتھراﺅ کیا اور کچنار پارک کے قریب پولیس کی پانچ موٹر سائیکلوں اور ایک گاڑی کو آگ لگا دی۔ ریڈ زون سیل ہے اور اطراف کی سڑکوں پر ایف سی اور رینجرز کے دستے موجود ہیں جبکہ اسلام آباد مری روڈ، ترنول پھاٹک روڈ، آئی جے پی روڈ، ایکسپریس ہائی وے اور لاہور جانے کے لیے موٹر وے بند ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی رہائش گاہ کی سکیورٹی میں اضافہ، گھر کے اطراف میں خاردار تار لگا دی گئی جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔ لاہور میں مظاہرین نے ٹھوکر نیاز بیگ کو ایک بار پھر بند کر دیا۔ ٹھوکر ٹرمینل کے مقام پر مذہبی جماعت کے کارکنوں نے کنٹینرز لگا دیئے۔ لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے تحریک لبیک کے کارکنوں کا دھرنا رات سے جاری ہے۔ دھرنے میں شامل مظاہرین نے رات سڑک پر ہی گزاری ۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے اور جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

دوسری جانب بابو صابو، شاہدرہ اور امامیہ کالونی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں جاری دھرنوں کے باعث ٹریفک تاحال بند ہے۔ پنجاب میں تعلیمی ادارے دو روز تک بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے، وزیر تعلیم رانا مشہود نے کہا ہے کہ فیصلہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا۔ گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ پر چندا قلعہ بائی پاس، کامونکی اور سادھوکی کے مقام پر مذہبی جماعتوں کے کارکنوں کا دھرنا جاری ہے۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، سانگھڑ، ٹنڈو الہ یار سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں مختلف مذہبی جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے دوسرے روز بھی دھرنا جاری ہے۔ کراچی شہر کے10 مقامات پر مذہبی جماعتوں کے دھرنے جاری ہیں۔ ایم اے جناح روڈ، لیاقت آباد 10 نمبر، الآصف اسکوائر، حب ریور روڈ، کورنگی، ٹاور پر مذہبی جماعتوں کی جانب سے دھرنے دئیے جاری ہے۔ کراچی کو بلوچستان سے ملانے والی حب ریور روڈ پر مظاہرین کی بڑی تعداد موجودہیں۔ کورنگی کے دو مختلف مقامات پر مظاہرین موجود ہیں، ڈھائی نمبر پر اور کورنگی پانچ میں دھرنا دیا گیا ہے۔

شاہراہ پاکستان سہراب گوٹھ کے قریب دھرنے کے شرکا موجود ہیں۔ سہراب گوٹھ پر احتجاج کے باعث شارع پاکستان پر کریم آباد سے واٹر پمپ جانے والی سڑک پر ہیوی ٹریفک کی لمبی قطار لگ گئی اور ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیوی ٹریفک کو متبادل راستے کے لیے عائشہ منزل سے راشد منہاس روڈ کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ نمائش سے صدر جانےاور آنے والی سڑک بھی بند ہے ادھر تین ہٹی سے جہانگیر روڈ جانے اور آنے والی سٹرک پر بھی کنٹینر رکھ کر بند کر دیا گیا ہے اور ٹریفک کو تین ہٹی سے پی آئی بی اور جیل سے پیپلز سیکریٹریٹ کی جانب موڑا جارہا ہے۔ گورنر ہاوس جانے والی سڑک کو بھی سیکورٹی کے باعث کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے تاہم شاہراہ فیصل، راشد منہاس روڈ اور نیو ایم اے جناح روڈ یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک بحال ہے۔ ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا، بہاولپور، جہلم، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ملتان شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سیکورٹی سخت، سیکورٹی سیکورٹی خدشات کے باعث بیشتر پیڑول پمپ بھی بند۔ ملتان میں شاپنگ پلازہ ، بینک اور شو رومز کو تمبو لگا کر سیل کردیا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close