اسلام آباد

امریکا نے امداد روکی تو دہشتگردوں سے لڑنے کی صلاحیت متاثرہوگی: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر امداد روکی گئی تو دہشت گردوں سے لڑنے سے متعلق پاکستان کی صلاحیت متاثر ہوگی اور پھر ان دہشت گردوں سے امریکا کو لڑنا پڑے گا۔غیرملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا، ‘ہم نے انسداد دہشت گردی کےلئے امریکی لاجسٹکس کو آزادانہ نقل وحمل کی اجازت دی، اگر پابندیاں لگائی جاتی ہیں اور اتحادی معاونت فنڈ کی ادائیگی نہیں کی جاتی تو اس سے دہشت گردی کےخلاف لڑنے کی ہماری صلاحیت کمزور ہوگی’۔ساتھ ہی وزیراعظم نے کہا، ‘امریکا کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ پھر جن دہشت گردوں سے ہم نہیں لڑیں گے، ان سے امریکا کو لڑنا پڑےگا’۔امریکی صدر کی جانب سے رواں ماہ کے آغاز میں ٹوئٹر پر پاکستان کو دی گئی دھمکی کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ‘صدر ٹرمپ کی ٹوئٹ کا کوئی رسمی مطلب نہیں تاہم جس لہجہ میں بات کی گئی وہ ناقابل قبول ہے’۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ‘دورہ امریکا کے دوران انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گرم جوش پایا، وہ ایک ایسے شخص ہیں جن سے بات چیت کی جاسکتی ہے’۔ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ جن خیراتی اداروں پر امریکا نے پابندی لگائی ہے ان کا کنٹرول حکومت سنبھال لے گی۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یہ انٹرویو ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب رواں ماہ یکم جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ امریکا نے گزشتہ 15 برسوں میں اسلام آباد کو احمقوں کی طرح 33 ارب ڈالر امداد کی مد میں دیے لیکن بدلے میں اسے جھوٹ اور دھوکہ ملا۔دوسری جانب امریکا نے پاکستان کی 255 ملین ڈالرز (25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر) یعنی 28 ارب روپے کی فوجی امداد پر پابندی بھی معطل کردی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close