اسلام آباد

الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم کی رجسٹریشن بحال کردی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان سمیت 12 دیگر سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن بحال کردی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان کی رجسٹریشن منسوخی کے حوالے سے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے وکیل فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ ہم یہاں پارٹی رجسٹریشن منسوخی کے خلاف اپیل پر آئے ہیں، الیکشن ایکٹ کے تحت 2 ہزار کارکنوں کی فہرست اور 2 لاکھ رجسٹریشن فیس جمع نہ کرانے پر رجسٹریشن منسوخ کی گئی۔ فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ ہماری غلطی تھی ہم سے چوک ہوئی، قانون نیا تھا لہذا ہماری غلطی کو درگزر کیا جائے، ایم کیو ایم پاکستان ملک کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت ہے، بائیس اگست 2017ء کو ہم نے بڑا اقدام اٹھایا اور اینٹی پاکستان لوگوں کو ہم نے پارٹی سے خارج کیا، جب کہ پہلی سیاسی جماعت ہے، جس نے اپنے قائد کو پارٹی سے خارج کیا، چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2 اکتوبر کو منظور ہوا جب کہ ہم نے 60 روز کی مدت کے دوران بھی یاد دہانی کروائی۔ الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان سمیت 12 دیگر سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن بحال کرتے ہوئے تمام جماعتوں کو قانونی لوازمات جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ رجسٹریشن بحال ہونے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان اب سینیٹ انتخابات میں اپنے پارٹی نشان پر حصہ لے سکے گی جب کہ دیگر جن جماعتوں کی رجسٹریشن بحال ہوئی ہے ان میں پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی، پیپلزمسلم لیگ، تحریک اہلسنت، پاکستان مسلم الائنس، آل پاکستان تحریک، عام لوگ پارٹی، پاکستان مسلم لیگ کونسل، پاکستان راہ حق اور پاکستان مسلم لیگ جونیجو، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور پاکستان اسلامک ریپبلکن پارٹی شامل ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close