اسلام آباد

وفاق اور پنجاب حکومت کیلئے نمبر گیم پوری کرلی، فواد چوہدری کا دعویٰ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جماعت نے مرکز اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے مطلوبہ اراکین کی تعداد پوری کرلی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ’وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے (ق) لیگ سے فارمولا طے پاگیا ہے اور مسلم لیگ (ق)، تحریک انصاف کے ساتھ حکمراں اتحاد میں شامل ہوگی، وزیر اعلیٰ پنجاب تحریک انصاف سے ہی ہوگا جس کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے جبکہ ایم کیو ایم کو اتحاد میں شامل کرنے کے لیے جہانگیر ترین مذاکرات کریں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’قومی اسمبلی کی 270 نشستوں پر انتخابات ہوئے ہیں جبکہ کئی ارکان ایسے ہیں جنہوں نے ایک سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کی جو انہیں چھوڑنا ہوں گی، اس لیے مخصوص اور اقلیتی نشستوں کو ملا کر ایوان زیریں لگ بھگ 330 کا رہ جاتا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ’ تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں ملا کر 144 نشستیں ملیں گی، (ق) لیگ کی 4، ایم کیو ایم کی 7، بلوچستان عوامی پارٹی کی 2، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی 2 جبکہ قومی اسمبلی کی نشستیں جیتنے والے 7 آزاد اراکین ہمارے ساتھ شامل ہوچکے ہیں، اس طرح ہماری کُل نشستیں 168 بن رہی ہیں۔‘

فواد چوہدری نے کہا کہ ’پنجاب اسمبلی کی کُل نشستیں 371 ہیں لیکن جن نشستوں پر انتخابات ہوئے اور جن پر ضمنی انتخابات ہوں گے اس کے بعد یہ ایوان بھی لگ بھگ 360 اراکین پر مشتمل ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’آزاد امیدواروں، اتحادیوں اور خواتین کی مخصوص نشستیں ملا کر پنجاب اسمبلی کے لیے ہماری نشستیں 180 سے زائد ہوچکی ہیں جس کے بعد ہم اس صوبے میں بھی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’بلوچستان میں مخلوط حکومت بنائیں گے جس کے لیے مذاکرات آخری مراحل میں ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں ہم دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔‘

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close