اسلام آباد

حکومت نے آغاز ہی سے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا، مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نےآغاز ہی سے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات اور دوستی ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے، یہ دوستی پہلی دفعہ اقتصادی دوستی میں تبدیل ہوئی اور سی پیک منصوبے کے تحت چین نے اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری کی لیکن سیاسی بحران سے چین کا اعتماد کم ہوا، اب سی پیک منصوبوں پر نظرثانی کی باتیں ہو رہی ہیں، اس منصوبے کو تعطل کا شکار کرنا کاری ضرب ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے آغاز ہی سے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا، عوام پر مہنگائی کا پہاڑ توڑ دیا گیا اور ہمیں غلامی کے نئے دور کی طرف لے جایا جا رہا ہے، پہلی مرتبہ ایک حکومت کشمیر کے مسئلے کو مسلسل نظرانداز کرکے ہندوستان کے ساتھ پینگیں بڑھا رہی ہے، سفارتی محاذ پر جس طرح بچپنے کا اظہار کیا جارہا ہے اس سے کیا توقع کریں گے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ریاست مدینہ کےنام پرقوم کو دھوکا نہ دیا جائے، آپ کے منہ سے مدینہ ریاست کا نام لینا مناسب نہیں لگتا، کیا ریاست مدینہ کی بنیاد مادر پدر آزادی سے دی گئی تھی؟ ہمیں اقتصادی کونسل کے تصورات پر بھی شک ہے، قائداعظم نے کہا تھا معاشی نظام اسلامی اصولوں کی روشنی میں بنایا جائے، اقتصادیات چندوں سے نہیں چلا کرتیں، اس حوالے سے حکومت بیٹھ کر پالیسی تشکیل دے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ حکومت نے تمام دینی مدارس کی رجسٹریشن کومنسوخ کرکے مدارس کو نیکٹا کےحوالے کر دیا ہے، علمائے کرام نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مدارس کے نصاب میں بہتری لائے ہیں، مدارس کے نصاب کو تبدیل کرنے کے حکومتی عزائم مسترد کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close