Featuredاسلام آباد

منی لانڈرنگ روک لیں تو معاشی مسائل پر قابو پا لیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ وقت مشکل ہے لیکن ہم منی لانڈرنگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں تو ہم معاشی مسائل پر قابو پا لیں گے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے بزنس کمیونٹی کے وفد نے ملاقات کی جس میں تاجر برادری نے دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈکے لئے 9 کروڑ19 لاکھ روپے کے چیک وزیراعظم عمران خان کو پیش کیے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے، ماضی کی حکومتوں نے جہاں ملک کو ایک طرف اندرونی اور بیرونی قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا وہاں اداروں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا اور آج حالت یہ ہے کہ بڑے بڑے قومی ادارے خساروں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ملک کے ساتھ جو کیا وہ دشمن بھی نہیں کرتے، ماضی کے حکمرانوں کی غلط کاریوں اور غلط پالیسیوں کا خمیازہ آج قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے اسٹیل مل، پی آئی اے، پاکستان ریلوے، غرض جس ادارے کو دیکھیں وہاں اربوں روپے کے نقصانات ہیں، ملک میں وسائل کی کمی نہیں لیکن جس اندا ز میں اور جتنا بڑا ڈاکہ اس ملک پر مارا گیا اس کی مثال نہیں ملتی۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ وقت بلاشبہ ایک مشکل وقت ہے پاکستانی قوم میں بے پناہ صلاحیت ہے ہم انشا اللہ جلد موجودہ بحران سے نکل جائیں گے،پاکستان میں  ایک ایک شعبے میں اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت ہے،محض بیرون ملک سے ترسیلات زر قانونی طریقوں سے ملک بھیجی جائیں اور منی لانڈرنگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں تو ہم معاشی مسائل پر قابو پا لیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close