Featuredاسلام آباد

آسیہ مسیح کے وکیل سیف الملوک کی جان کو خطرہ، یورپ روانہ ہوگئے

اسلام آباد: توہین رسالت کیس میں بری ہونے والی آسیہ مسیح کے وکیل سیف الملوک جان کو لاحق خطرات کی وجہ سے بیرون ملک روانہ ہو گئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے بدھ کو توہین رسالت کیس میں شک کا فائدہ دے کر آسیہ بی بی کو بری کر دیا تھا۔ آسیہ کی رہائی کے خلاف ملک میں ہنگامے پھوٹ پڑے اور احتجاج کا سلسلہ تین روز تک جاری رہا۔ مظاہرین نے آسیہ کو رہا کرنے والے ججوں اور وکلا کو قتل کرنے کے نعرے لگائے۔ جمعے کی شب حکومت اور مظاہرین کی قیادت کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج اور دھرنے ختم کردیے گئے ہیں۔

62 سالہ سیف الملوک کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں جس کے باعث وہ ہفتے کی صبح یورپ روانہ ہو گئے ہیں۔ روانگی سے قبل نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے سیف الملوک نے کہا کہ میرے لیے موجودہ حالات میں پاکستان میں رہنا ممکن نہیں رہا، آسیہ بی بی کے لیے مزید قانونی جنگ لڑنے کے لیے مجھے زندہ رہنے کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سیف الملوک نے کہا کہ آسیہ کی بریت کے خلاف ہونے والا احتجاج غیر متوقع نہیں، تاہم حکومتی رویہ افسوس ناک ہے جو ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کرا سکتی۔

حکومت اور مظاہرین کے درمیان 5 نکاتی معاہدے میں آسیہ کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی شرط بھی شامل ہے تاکہ وہ بیرون ملک نہ جا سکے جب کہ کیس کے مدعی نے رہائی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے نظر ثانی درخواست بھی دائر کر دی ہے۔ اس حوالے سے سیف الملوک نے کہا کہ رہائی کے خلاف نظر ثانی درخواست کا فیصلہ آنے تک آسیہ کی زندگی جیل سے باہر بھی قید جیسی ہو گی کیونکہ زندگی کو لاحق خطرات کی وجہ سے اس کی نقل و حرکت پر پابندی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close