اسلام آباد

کچھ ممالک پاک چین تعلقات میں رکاوٹ بننا چاہ رہے ہیں، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے پاک چین دوستی لازوال ہے اور کچھ قوتیں دونوں ممالک کے راستے میں رکاوٹ بننا چاہتی ہیں۔ قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم تینوں حملہ آور مارے گئے، اب معاملہ کنٹرول میں ہے اور علاقے کو کلیئر کردیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حملہ ناکام بنانے میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی کارروائی قابل تحسین ہے، قونصلیٹ میں کام کرنے والے تمام 21 ملازمین محفوظ ہیں، چینی قونصلیٹ پر حملہ دہشتگردوں کا بزدلانہ عمل تھا۔ انہوں نے کہا کہ معلوم ہے کہ حملے میں کون ملوث ہے تاہم ہم نے ایسی قوتوں سے نمٹنے کے لیے فورس بھی تیار کر رکھی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کچھ قوتیں نہیں چاہتیں کہ اس ملک میں استحکام اور امن ہو، یہ قوتیں معاشی ترقی کے راستے میں رکاوٹ بننا چاہتی ہیں تاہم سیکیورٹی فورسز نے ان کے عزائم کو خاک میں ملادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے اور دونوں ممالک کے راستے میں یہ قوتیں رکاوٹ بننا چاہتی ہیں تاہم وہ اپنے عزائم میں ناکام ہوں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close