اسلام آباد

وزیر اعظم نے 4 نئی ٹرینوں کا افتتاح کردیا

وزیراعظم عمران خان نے عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے 4 نئی ٹرینوں کا افتتاح کردیا۔

وزارت ریلوے کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی چار نئی ٹرین سروسز میں فیصل آباد ایکسپریس، شاہ لطیف ایکسپریس، سندھ ایکسپریس اور رحمٰن بابا ایکسپریس شامل ہیں۔

اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ‘غریب اور کمزور طبقہ ٹرین استعمال کرتا ہے اس لیے اس کا سفر جتنا بہتر اور آسان بنایا جائے گا اتنا اچھا ہوگا۔’

وزیر اعظم نے کہا کہ نئی حکومت کے آنے کے بعد سے اب تک ریلوے کی آمدن میں ڈیڑھ ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘ریلوے کا سفر عام آدمی کا سفر ہے، مجھے یاد نہیں کہ آزادی کے بعد سے کبھی نئے ریلوے ٹریکس بنائے گئے یا کسی نے اس حوالے سے کوئی اقدامات کرنے کی کوشش کی ہو۔’

ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے بتایا کہ اگر ‘ایم ایل ون’ بنایا جائے تو کراچی سے لاہور کا سفر 8 گھنٹے ہوجائے گا، لیکن اس حوالے سے پہلے کبھی نہیں سوچا گیا تھا۔

انہوں نے چین کی ترقی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ چین کی ترقی کے پیچھے یہ راز تھا کہ ان کی تمام پالیسیاں غریب طبقے کو فائدہ پہنچاتی تھیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا تھا، چین نے 30 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا کیونکہ وہاں کی حکومت غریبوں کو اوپر لے کر آئی اور یہی ان کی معیشت کی مضبوطی کی وجہ بنی۔

انہوں نے کہا کہ آج چین کی ترقی کی رفتار جتنی تیز ہے آئندہ سالوں میں وہ عالمی طاقت بن جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘مدینہ کی ریاست کا یہی ماڈل تھا کہ نبی کریم ﷺ نے بھی نچلے طبقے کو اوپر اٹھایا اور ایک غریب ریاست نے یہ فیصلہ کیا کہ اس نے ایک فلاحی ریاست بنانی ہے۔’

عمران خان نے کہا کہ ‘میں بار بار کہتا ہوں کی قومیں، وسائل کی کمی سے نہیں بلکہ احساس کی کمی سے غریب ہوتی ہیں، ان میں احساس تھا کہ غریب طبقے کو اٹھانا ہے، ہم نے بھی ایسی پالیسیز بنانی ہیں جس سے عام آدمی کو فائدہ ہو۔’

انہوں نے کہا کہ ‘ہمارے دشمنوں نے چین کے ساتھ بہترین تعلقات کو متاثر کرنے کے لیے آج صبح حملہ کیا، لیکن ان کی یہ کوشش ناکام بنادی گئی۔’

ان کا کہنا تھا کہ قومی اداروں کا خسارہ بہت زیادہ ہے، قومی ایئر لائن (پی آئی اے) ہر سال 5 سو ارب روپے کا نقصان کر رہی ہے، ریلوے کا خسارہ 45 ارب تھا جس میں کمی کرکے 37 ارب روپے تک لایا گیا ہے، اسٹیل مل بند ہے جبکہ 10سال قبل اس کا 8 ارب روپے منافع تھا، توانائی کے شعبے میں 12سو ارب روپے جبکہ گیس سیکٹر میں بھی خسارہ ہے جو صرف سیاسی مداخلت کی وجہ سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں میں خسارے کی سب سے اہم وجہ میرٹ کے خلاف بھرتیاں ہیں، جس کا نقصان مہنگائی کی صورت میں عوام کو ہوتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم میرٹ پر بھرتیاں کریں گے، ایسے لوگوں کو ملازمت سے نکالا جائے جو کرپٹ ہیں اور ریلوے کو ایسا ادارہ بنایا جائے گا جو عوام کو فائدہ دے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ریلوے کی زمین اربوں روپے کی ہے جن پر قبضے ہوئے ہیں، ایک طرف ہم یومیہ قرضوں کی قسط کی مد میں 6 ارب روپے ادا کر رہے ہیں اور دوسری طرف ہمارے پاس ایسی زمین موجود ہے جس پر مافیا کا قبضہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان تمام سرکاری زمینوں کا استعمال کرکے انہیں کمرشلائز بناکر منافع کمایا جائے گا، جبکہ ان زمینوں کو اوورسیز پاکستانیوں کو بھی بیچا جاسکتا ہے جس سے ہمارے پاس ڈالرز آسکتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان ریلوے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلوے نے ‘کلین اینڈ گرین پاکستان’ مہم میں ڈھائی لاکھ درخت لگائے ہیں، اس مہم میں مزید درخت اگانے ہیں تاکہ گلوبل وارمنگ کو کم کیا جاسکے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close