Featuredاسلام آباد

زرداری کا امریکہ میں بھی اپارٹمنٹ، حکومت کا نااہلی ریفرنس دائر کرنے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے امریکہ میں واقع اپنے اپارٹمنٹ کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا، تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں آصف علی زرداری کی نااہلی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کیا ہے، نیویارک کے مین ہیٹن میں اپارٹمنٹ سابق صدر نے اپنے گو شواروں میں داخل نہیں کیا، اثاثے چھپانے کے باعث آصف زرداری آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت سیاست سے تاحیات نااہل ہو سکتے ہیں، کرپشن کی تحقیقات آزادانہ طریقے سے آگے بڑھ رہی ہیں، حکومت کو کوئی سیاسی چیلنج بھی درپیش نہیں، اپوزیشن کے لوگ تاش کے پتوں کی طرح بکھر رہے ہیں یہ اب آپس میں نہیں مل سکتے، پی ٹی آئی نے 5 سال پختونخوا میں کرپشن فری حکومت کی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت رحم پر مبنی پالیسیز بنا رہی ہے جو ریاست مدینہ کی اساس تھی، گزشتہ روز بھارتی شہری حامد انصاری کو پاکستان کی جانب سے رحم کی بنیاد پر چھوڑا گیا، نواز شریف کے خلاف ریفرنسز آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، عوام کو بڑی خوشخبری ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

فواد چودھری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے امریکہ میں اپارٹمنٹ کا انکشاف ہوا ہے جس کا نمبر 1483 ایس کے او 1099 ہے ۔انہوں نے اپنا یہ اپارٹمنٹ الیکشن کمیشن کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا۔ آئین کے آرٹیکل 62اور63 کے تحت آصف زرداری پر ذمہ داری عائد ہوتی تھی کہ وہ اپنے تمام اثاثے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کرتے ۔ہو سکتا ہے کہ آصف زرداری اس کے علاوہ بھی اپارٹمنٹس کے مالک ہوں جو انہوں نے کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کئے ہوں ۔ خرم شیر زمان الیکشن کمیشن میں اثاثے چھپانے کے حوالے سے ریفرنس آصف زرداری کے خلاف دائر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری اپنے آخری انتخابات لڑ چکے ہیں، مستقبل میں ان کی سیاست نہیں دیکھ رہا۔ نواز شریف اور آصف زرداری کے خلاف مقدمات آگے بڑھ رہے ہیں۔ شہباز شریف، نواز شریف، سعد رفیق اور آصف زرداری پر ان کی اپنی حکومتوں میں مقدمات بنے لیکن تحقیقات نہیں کی جانے دی گئیں۔ تحریک انصاف کے دور حکومت میں ادارے مکمل آزاد ہیں اور اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔اب یہ لوگ تاش کے پتوں کی طرح بکھر رہے ہیں یہ اب آپس میں نہیں مل سکتے ۔ آپس میں مل بھی جائیں تو صفر جمع صفر ہوں گے ۔حکومت کو مستقبل میں اپوزیشن کی جانب سے کوئی چیلنج درپیش نہیں ۔وزیر اعظم کا وژن بڑا واضح ہے کہ قومی خزانے کو لوٹنے والوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے دوران بھارتی صحافیوں نے بھارتی شہری حامد انصاری کا معاملہ عمران خان کے سامنے رکھا تھا کہ وہ نوجوان پیر کے چکر میں بارڈر عبور کر کے پاکستان میں داخل ہوا۔ اس کی کہانی پر بالی وڈ میں پوری فلم بنائی جا سکتی ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ بھارتی صحافی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت میں آواز اٹھائیں۔ جب تک بھارت کشمیر میں ظلم و ستم بند نہیں کرتا پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close