اسلام آباد

بنگلہ دیش کا بھی سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار

بنگلہ دیش کے جونیئر وزیرِ خارجہ شہریار عالم نے ایک ٹیکسٹ پیغام میں تصدیق کی ہے کہ ان کا ملک نو اور دس نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والی سارک کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا۔

بنگلہ دیش انڈیا کے بعد اس کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرنے والا دوسرا ملک بن گیا ہے۔

اس سے قبل منگل کو بھارت کے خارجہ امور کے ترجمان وکاس سوروپ نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’علاقائی تعاون اور انتہا پسندی ایک ساتھ نہیں چل سکتے، لہٰذا انڈیا اسلام آباد کانفرنس میں شامل نہیں ہو گا۔‘

پاکستان اور انڈیا کے تعلقات کشمیر کے علاقے اوڑی میں انڈین فوج کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد مزید خراب ہو چکے ہیں۔

انڈیا نے الزام لگایا ہے کہ حملہ آور سرحد پار سے آئے تھے اور اس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں اس نے شناختی ثبوت بھی پاکستانی حکام کے حوالے کیے ہیں۔

اس حملے کے بعد انڈیا کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ان کا ملک پاکستان کو دنیا میں تنہا کر دینے کے لیے کوشاں ہے۔

ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ افغانستان اور بھوٹان بھی سارک سربراہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور ایسی صورت میں قوی امکان یہی ہے کہ سربراہ اجلاس ملتوی کرنا پڑے گا۔

سارک سربراہی کانفرنس، جنوبی ایشیا کے آٹھ ممالک کے سربراہوں کا اجلاس ہے جو ہر دو سال بعد منعقد ہوتا ہے اور اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات اس کانفرنس کا 19 واں اجلاس ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close