اسلام آباد

پاکستان کو او آئی سی اجلاس میں دوست ملکوں سے رابطہ کرکے اپنا موقف پیش کرنا چاہیئے، آصف زرداری

اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری نے او آئی سی اجلاس کے بائیکاٹ کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اس اجلاس میں شرکت کرکے دوست ملکوں کے ساتھ رابطہ کر کے اپنا موقف پیش کرنا چاہیے تھا۔ سابق صدر پاکستان نے بھارتی طیارہ مار گرانے پر پاکستانی پائلٹ حسن صدیقی کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔

آصف زرداری نے کہا کہ میرا ماننا تھا کہ ہمیں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں جانا چاہیے، لیکن ایوان اور دوستوں کا فیصلہ ہے کہ اجلاس کا بائیکاٹ کریں تو میں اس کی مخالفت نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی انتخابات کے سبب یہ محاذ آرائی کر رہے ہیں، جس میں انہیں اللہ کے کرم سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور ہم سرخرو رہے۔

آصف علی زرداری نے بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مثبت سفارتکاری ہے، اسے استعمال کرنا چاہیے جو عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے پڑوسیوں کے ساتھ ایسے تعلقات استوار کرنے کی ضرورت ہے کہ مشکل وقت میں وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔

سابق صدر نے کہا کہ 2008ء کے ممبئی حملوں کے بعد بھی بھارت نے پاکستان پر حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے جنگ مسلط کرنے کی دھمکی دی تھی، لیکن ہم نے بہترین سفارتکاری سے بھارت کو اپنے قدم واپس لینے پر مجبور کردیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close