اسلام آباد

ایجنسیاں حساس اداروں کو محفوظ نہیں کرسکتیں تو انکی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ایجنسیاں حساس اداروں کو محفوط نہیں کرسکتیں تو ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے اور اگر پی او ایف کے مزدور محفوظ نہیں تو ہمارا بھی اللہ ہی حافظ ہے۔ واہ کینٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ میں صرف یہاں مزدوروں سے اظہار یکجہتی اور شکاگو کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے آیا ہوں، میرا سب سے بڑا رشتہ پی او ایف کے مزدوروں کے ساتھ ہے کیوں کہ ہم دونوں ہی منافق نہیں، ہم بالکل سیدھی بات کرتے ہیں جب کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری کی شان وشوکت یہاں کے مزدور کےحوالے سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خبر ملی کہ یہاں کل دہشت گرد پکڑے گئے ہیں اور آج خودکش حملوں کا خدشہ ہے جس پر میں نے کہا کہ کہ سیکیورٹی ایجنسی اگر اس حساس علاقے کو سیکیورٹی نہیں دے سکتی تو ان کی کارکردگی پر کئی سوال اٹھتے ہیں۔

 

چوہدری نثار نے کہا کہ کون نادان لوگ ہیں جنہوں نے ابہام ڈالا اور انہیں لگا کہ وہ سیکیورٹی خطرے کا بول کر ہمیں یہاں آنے سے روک دیں گے لیکن میں نے فیصلہ کرلیا تھا حالات جیسے بھی ہوں آج کی تقریب میں ضرور جاؤں گا، اگر پی او ایف کے مزدور محفوظ نہیں تو ہمارا بھی اللہ ہی حافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مئی صرف مزدور کا دن ہے، یہ مزدور سارا سال خون پسینہ بہاکر رزق حلال کماتے ہیں اور انہی کی محنت کی وجہ سے یہ فیکٹریاں چلتی ہیں جن سے گولہ بارود بنتا ہے جب کہ پی او ایف کا مزدور مجاہد پاکستان ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نوازحکومت میں مزدوروں کو جو الاؤنس دیا گیا وہ مشرف دور میں واپس لے لیا گیا جب کہ مشرف دور میں مزدوروں پر جو کالا قانون نافذ کیا گیا اس کے خلاف میں نے سخت احتجاج کیا اس قانون کے خلاف اپوزیشن کو اکٹھا کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے پی او ایف کے مزدوروں کے لیے سالانہ 120 کروڑ روپے کے پیکیج کا بھی اعلان کیا۔

اس سے قبل حساس اداروں نے وزارت داخلہ کو رپورٹ بھیجی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ میں دہشت گردی کا خطرہ ہے اور یوم مزدور کی مناسبت سے منعقدہ تقریب پر دہشت گرد کارروائی کرسکتے ہیں لہٰذا تقریب میں مدعو وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار اور دیگر 2 وفاقی وزرا شرکت سے گریز کریں۔

حساس اداروں کی رپورٹ کے رد عمل میں چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ایجنسیاں اگر حساس اداروں کو بھی محفوظ نہیں کرسکتیں تو ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہو گا، اگر پی او ایف کے مزدور محفوظ نہیں تو ہمیں بھی اپنے تحفظ کی پرواہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا  کہ گزشتہ کئی برسوں سے یکم مئی کو پی او ایف ملازمین کی تقریب ہورہی ہے اس روایت کو کسی صورت رکنے نہیں دیا جائے گا اور آج بھی یہ تقریب پروگرام کے مطابق ہوگی جب کہ مجھ سمیت وفاقی وزرا بھی اس میں ضرور شرکت کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close