اسلام آباد

پاکستان کے معصوم شہریوں پر گولہ باری کرکے افغان فورسز نے غلط روایت قائم کی، چوہدری نثار

اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ افغان سیکیورٹی ایجنسیز سے اپنا ملک سنبھلتا نہیں ، پاکستان کے معصوم شہریوں پر گولہ باری کرکے غلط روایت قائم کی، پاک فوج اور ایف سی کے فوری اور موثر جواب نے کسی اور کے اشارے پر افغان فورسز کی جانب سے کی گئی کارروائی کو بھاری نقصان سے غیر موثر بنا دیا۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ۔ گفتگو کے دوران آئی جی ایف سی نے وزیرداخلہ کو چمن واقعے پر بریفنگ دی اور بتایا کہ واقعہ مردم شماری میں مصروف ہماری سیکیورٹی فورسز پر بلا جواز گولہ باری سے شروع ہوا۔ وزیر داخلہ نے واقعے میں پاک فوج اور ایف سی کے 2جوانوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ افغان حکومت کی سیکیورٹی ایجنسیز سے اپنا ملک سنبھلتا نہیں ، آج انہوں نے پاکستان کے معصوم شہریوں پر گولہ باری کرکے انتہائی غلط روایت قائم کی۔ پاک فوج اور ایف سی کے مثبت اور دلیرانہ ردعمل سے آئندہ سرحد کے اس پار سے ایسی روش کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور ایف سی کے فوری اور موثر جواب نے کسی اور کے اشارے پر افغان فورسز کی جانب سے کی گئی، کارروائی کو بھاری نقصان سے غیر موثر بنا دیا۔واضح رہے کہ افغان فورسز نے چمن کے علاقے میں بھاری گولہ باری کرکے 9 پاکستانیوں کو شہید اور 45 کو زخمی کردیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی نے دشمن ملکوں کے ہاتھوں کٹھ پتلی بنی افغان فورسز کو بلوں میں گھسنے پر مجبور کردیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close