Featuredاسلام آباد

 حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات کا دوسرا دورمثبت پیشرفت کے ساتھ ختم ہوگیا

دونوں اطراف سے تجاویز آئی ہیں، فریقین کے درمیان کوئی ڈیڈ لاک نہیں ، اسحاق ڈار

اسلام آباد: حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان الیکشن کے معاملے پر مذاکرات کا دوسرا دور مثبت پیشرفت کے ساتھ ختم ہوگیا، اب دونوں فریقین منگل کو دن گیارہ بجے بیٹھیں گے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی کمیٹی کے رکن اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ جہاں کل مذاکرات چھوڑے تھے اس میں پیشرفت ہوئی ہے، یہ طے ہوا ہے کہ آج جو پیشرفت ہوئی اس سے قائدین کو آگاہ کریں گے، اس کے بعد منگل کو دوبارہ اجلاس ہوگا، دونوں اطراف سے تجاویز آئی ہیں، دونوں فریقین کے درمیان کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اچھے ماحول میں بات ہوئی اور ہم نے مناسب پیشرفت حاصل کی، عمران خان کو لاہور جاکر اعتماد میں لیں گے
مذاکرات کا تیسرا دور منگل کو صبح گیارہ بجے ہوگا جو فائنل راؤنڈ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری نیت ہے آئین کے دائرے میں مسئلے کا حل تلاش کیا جائے، ایک طرف مذاکرات دوسری طرف گرفتاریاں ہورہی ہیں، حکومتی کمیٹی کے سامنے یہ معامہ بھی اٹھایا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ امید ہے منگل کو کسی جانب معاملہ چلا جائے گا، ماحول بہتر رہا تو یقینا کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے، حکومت نے گرفتاریوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، عمران خان کے ساتھ کارکن آئے تو انہیں گرفتار کرلیا گیا، علی امین گنڈا پور کو ضمانت کے بعد گرفتار کیا گیا جبکہ فرخ حبیبت کو بیرون ملک جانے سے روکا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ان گرفتاریوں اور اقدامات سے انکاری ہے تاہم ایسے اقدامات ہوں گے تو پھر مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، گرفتاریوں کا عمل پورے عمل کو بربار کردے گا۔ ہم حکومت کی طرف سے ہونے والی بات چیت خان صاحب کے سامنے رکھ رہے ہیں، دونوں فریقین کی جانب سے ماحول کو بہتر رہنا چاہیے۔

قبل ازیں ذرائع سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ تحریک انصاف کا وفد بجٹ سے پہلے اسمبلی تحلیل کی تاریخ کا خواہاں ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حکومت بجٹ سے پہلے اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دے، یہ چیز سیاسی تناؤ میں فوری کمی لا سکتی ہے، اور مذاکراتی عمل ایک ہفتے میں مکمل ہوجانا چاہیے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close