اسلام آباد

پاک فوج ہر محاذ پر ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار، آرمی چیف

مظفرآباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج وطن عزیز کو درپیش دفاع اور سلامتی کے چیلنجز سے آگاہ ہے اور ‘ہر محاذ پر’ ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول کے ساتھ مظفرآباد سیکٹر کا دورہ کیا، جہاں انھیں مقامی کمانڈروں کی جانب سے آپریشنل صورتحال، بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں اور پاکستانی افواج کی بھرپور جوابی کارروائیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
افسران اور جوانوں سے بات چیت میں آرمی چیف نے ان کی پیشہ ورانہ مستعدی کو سراہتے ہوئے بلند حوصلے اور ہمت کی تعریف بھی کی۔ ایل او سی پر تعینات دستوں نے آرمی چیف کو بھارتی مظالم اور معصوم شہریوں کو ہدف بنانے سے متعلق اپنے احساسات سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت کی ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ بھارتی مظالم کے خلاف لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف موجود کشمیروں کے عزم و حوصلے کو بھی سراہا اور ایک بار پھر انھیں حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
آرمی چیف نے ایل او سی کا دورہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے، جب 2 روز قبل بھارت کے آرمی چیف بپن روات نے کسی ملک یا گروپ کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ بھارتی فوج بیک وقت بیرونی اور اندرونی سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہندوستانی فوج داخلی اور بیرونی خطرات سے بیک وقت نمٹنے کے لیے تیار ہے تاہم انھوں نے کہا کہ مشکل صورت حال کا حل نکالنے کے لیے جنگ کے علاوہ بھی کچھ طریقے موجود ہیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’یہاں تک کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کہہ چکے ہیں کہ گذشتہ 40 سال کے دوران چین اور بھارت کی سرحد پر ایک گولی بھی نہیں چلی‘۔ ساتھ ہی بھارتی جنرل کا کہنا تھا کہ پہاڑی جنگ کیلئے بڑھتی ہوئی طلب کو مد نظر رکھتے ہوئے مزید نئے فوجی بھرتی کیے گئے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close