کشمیر

سنجیدہ مذاکرات ہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے، سید علی گیلانی

سرینگر:  جموں و کشمیر تحریک حریت کی مرکزی مجلس شورٰی کا ایک اجلاس سید علی شاہ گیلانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں موجودہ صورتحال پر غور و خوض ہوا اور سید علی گیلانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال انتہائی گھمبیر ہے، بھارت کی طرف سے مظالم، جبر و تشدد، توڑ پھوڑ اور قید و بند کی پالیسی برابر جاری ہے۔ اسیرانِ زندان پر بار بار سیفٹی ایکٹ نافذ کیا جارہا ہے۔ تہاڑ سے لیکر کشمیر تک آزادی پسند قائدین جیلوں میں مقید ہیں اور آزادی پسند قائدین اور عوام کے خلاف دھمکیاں اور طاقت کا بے تحاشا استعمال تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ سید علی شاہ گیلانی نے کہا طاقت کے بے تحاشا استعمال سے مسائل تو وقتی طور دبائے جاسکتے ہیں مگر ختم نہیں کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کا متنازعہ مسئلہ دنیا کے سب سے پرانے اور دیرینہ حل طلب مسئلوں میں ایک اہم مسئلہ ہے جس کی وجہ سے بالعموم پورا برصغیر اور بالخصوص پاکستان اور بھارت آتش فشاں بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے پورا خطہ قتل گاہ بنا ہوا ہے۔
سید علی شاہ گیلانی نے کہا تحریک حریت اصولی طور پر بات چیت کی مخالف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف ہے کہ مسئلہ کشمیر کو بات چیت ہی کے ذریعے سے حل کیا جاسکتا ہے، بشرطیکہ بھارت اس مسئلے کو جموں کشمیر کے عوام کی قربانیوں کے تناظر میں حل کرنے کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لئے بھارت جموں کشمیر میں سازگار اور خوشگوار ماحول بنانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور مزاکرات کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ہی ایجنڈا ہو۔ سید علی گیلانی نے شورٰی ممبران کے سامنے غیر مبہم انداز میں یہ بات واضح کی کہ سنجیدہ مزاکرات ہی مسئلہ کشمیر کا حل ہے، لیکن بدقسمتی سے بھارت نے روزِ اول ہی سے مذاکرات کے تئیں غیرسنجیدگی کا برملا مظاہرہ کیا ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت نواز جماعتیں جو گزشتہ ستر سال سے آزادی کی راہ کی سب سے بڑی رُکاوٹ ہے، سے قطع تعلقات کیا جائے، کیونکہ بھارتی ظلم و استبداد کی کلہاڑی کے دستے ہی بھارت نواز جماعتیں ہیں، جن کے نام تو بے شک مختلف ہیں، لیکن ان کا مشترکہ مشن اور ایجنڈا صرف بھارتی ناجائز تسلط اور قبضہ کو دوام بخشنا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close